مریم نواز نے فلم سٹی، سکول بنانے کی منظوری دے دی

لاہور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب کے پہلے فلم سٹی، فلم سٹوڈیو، پوسٹ پروڈکشن لیب، پاکستان کے پہلے فلم سکول کے قیام کی منظوری دے دی۔
نوازشریف آئی ٹی سٹی میں فلم سٹی، فلم سٹوڈیو اور پوسٹ پروڈکشن لیب کیلئے جگہ مختص کر دی گئی، ڈیزائن سمیت دیگر اقدامات پر پیشرفت کا پہلا جائزہ بھی مکمل کیا گیا۔ فلمی صنعت کی بحالی کیلئے 8 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی جس کا نوٹیفکیشن جاری کردیاگیا ،کمیٹی رواں مالی سال میں پنجاب کی فلم انڈسٹری کے فروغ کیلئے فلم سازوں کو گرانٹ جاری کرے گی۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کمیٹی کی کنوینر ہوں گی۔وزیر اطلاعات عظمی ٰبخاری، وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمن، وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑا ،صوبائی سیکرٹری اطلاعات طاہر رضا ہمدانی، سیکرٹری منصوبہ بندی آصف طفیل، سیکرٹری خزانہ مجاہد شیر دل اورسیکرٹری سیاحت فرید احمد تارڑ بھی کمیٹی میں شامل ہیں۔مریم اورنگزیب کی صدارت میں کمیٹی کے پہلے اجلاس میں مریم نواز کے وژن پر عملدرآمد کے لئے اہم فیصلے کئے گئے ۔ نوٹیفکیشن میں بتایا گیاکہ کمیٹی فلم سازوں اور فلم ساز کمپنیوں کی درخواستوں کا جائزہ لے گی، کمیٹی نئی فلموں کی تیاری اور نامکمل فلموں کے سکرپٹ کا جائزہ لے گی، کمیٹی فنڈ کے انتظام،اہلیت کے معیارا اورباکس آفس مراعات سے متعلق امور پر فیصلہ کرے گی،کمیٹی کو کسی معاملے پر ذیلی کمیٹیاں تشکیل دینے کا اختیار بھی حاصل ہوگا۔