ایسڈ کنٹرول بل پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی سے منظور

لاہور(سیاسی نمائندہ)پنجاب اسمبلی میں قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں ایسڈ کنٹرول بل 2025 کمیٹی نے متفقہ طور پر منظور کر لیا جب کے صوبائی موٹر گاڑیاں(ترمیمی) بل اگلے اجلاس تک ملتوی کر دیا گیا۔
ایسڈ کنٹرول بل 2025 نجی ممبر صوبائی اسمبلی حنا پرویز بٹ نے پیش کیا ۔حنا پرویز بٹ نے کہا بل خواتین کی حفاظت بڑھانے کے لئے پیش کیا،ایسڈ فروخت کرنے والوں کو باقاعدہ لائسنس لینا ہو گا۔ایسڈ کنٹرول بل 2025 اب پنجاب اسمبلی اجلاس میں منظوری کے لئے پیش کیا جائے گا۔صوبائی موٹر گاڑیاں(ترمیمی) بل پر اپوزیشن نے سوالات اٹھائے جس کے باعث بل اگلے اجلاس تک ملتوی کیا گیا، اپوزیشن رکن فرخ جاوید مون نے کہا ہم ای چالان موثر بنانے کے لیے ترامیم کر رہے ہیں، ای چالان شہری کے گھر تو پہنچتا نہیں، متعلقہ اداروں کو بلائیں اور اس مسئلہ پر ان سے بریفنگ لیں،پہلے ای چالان لوگوں کے گھر پہنچائیں پھر بل دیکھیں گے ۔کمیٹی نے اپوزیشن رکن سے اتفاق رائے کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو اگلے ہفتے بلا لیا ہے ۔