ڈاکٹر عافیہ کے امریکی وکیل 4 مئی کوپاکستان آئینگے

اسلام آباد(اپنے نامہ نگار سے)اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے امریکی جیل میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی اور وطن واپسی سے متعلق کیس میں درخواست گزار وکیل کی جانب سے امریکی وکیل سے مشاورت کیلئے مہلت کی استدعا پر سماعت ملتوی کردی۔۔۔
نئے تعینات ایڈیشنل اٹارنی جنرل عمر اسلم پیش نہ آئے، درخواست گزار وکیل عمران شفیق نے بتایاکہ عافیہ صدیقی کے امریکہ میں وکیل مسٹر کلائیو سمتھ 4 مئی کو پاکستان آرہے ہیں،استدعا ہے کہ اگلی سماعت 6 مئی کو رکھ لیں، عدالت نے وزارت خارجہ حکام اور لاء افسران سے استفسار کیاکہ آپ کو اگر اعتراض نہیں تو ہم چھ مئی کو سماعت رکھتے ہیں، جس پر لاء افسرنے کہا ہمیں اعتراض نہیں، عدالت نے عمران شفیق ایڈووکیٹ کی مسٹر کلائیو سمتھ سے مشاورت کیلئے مہلت مانگنے کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت 6 مئی تک ملتوی کردی۔