اوورسیزپاکستانی ہمارا اثاثہ ، مسائل حل کرینگے : سپیکر

اوورسیزپاکستانی ہمارا اثاثہ ، مسائل حل کرینگے : سپیکر

اسلام آباد(اپنے رپورٹر سے)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ بیرون ملک پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، ان کو درپیش مسائل کے حل کے لئے وزارت خارجہ، وزارت خزانہ، سمندر پار پاکستانیوں کی وزارت، سٹیٹ بینک اور نادرا سمیت تمام متعلقہ اداروں پر مشتمل ایک کمیٹی قائم کی جائے جو تجاویز مرتب کرکے وفاقی کابینہ کو پیش کرے۔۔۔

Advertisement
0 seconds of 0 secondsVolume 0%
Press shift question mark to access a list of keyboard shortcuts
00:00
00:00
00:00
 

 قومی اسمبلی میں ان مسائل کے حل کے لئے قانون سازی کی جائے گی اور صوبوں سے میں خود بات کروں گا،بیرون ملک مقیم پاکستانی اگر سمجھتے ہیں کہ انہیں الیکشن لڑنے کی اجازت ملنی چاہئے تو وہ اس سلسلے میں اپنی اپنی جماعتوں سے بات کریں ، کوئی بات حرف آخر نہیں ہوتی یہ ملک کے حقیقی سفیر ہیں، انہیں وہ عزت و تکریم ملنی چاہیے جس کے یہ حقدار ہیں ۔اوورسیز پاکستانی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ، ان کا بھی وہی احترام اور اعزاز ہونا چاہیے جو سب سے زیادہ برآمدات کرنے والوں کو حاصل ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں پیر کو اوورسیز پاکستانیز کے پہلے سالانہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سپیکر نے کہا کہ سمندر پار پاکستانی ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں کیونکہ ان کی بھجوائی گئی ترسیلات زر ہماری برآمدات سے بھی زیادہ ہیں ، اگر ہم ایکسپورٹرز کو ریلیف دے سکتے ہیں تو انہیں بھی ریلیف دینا چاہیے ، بیرون ملک اہم سفارت خانوں میں زیادہ ترسیلات زر بھجوانے والے سمندر پار پاکستانیوں کو بھی وہی مقام اور مرتبہ ملنا چاہیے جو وزرا، ارکان پارلیمنٹ اورہمیں حاصل ہے ۔ انہوں نے تجویز دی کہ ملک کی خدمت کرنے والے ان پاکستانیوں کوبھی اعزازی طور پر سفیر مقرر کیا جائے ۔

انہوں نے سمندر پار پاکستانیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ قومی اسمبلی آپ کی ہے ، ہم اس معاملے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہیں ، اگر آپ سمجھتے ہیں کہ آپ کو الیکشن لڑنے کی اجازت ہونی چاہئے تو اس سلسلے میں آپ اپنی اپنی جماعتوں سے بات کریں تاکہ اس تجویز پر ایوان میں غورو خوض کے بعد کوئی حتمی حل نکالا جاسکے ۔ اوورسیز پاکستانیوں کی زمینوں پر قبضوں کی شکایات کے ازالے کے لئے تحصیلدار،پٹواری، ایس ایچ او اور ایس پی سمیت سب کوآن بور ڈ لیا جائے ، اس سلسلے میں تمام صوبوں سے میں خود بات کرو ں گا۔ کنونشن سے خطا ب میں سعودی عرب اوراٹلی میں پاکستانی سفیروں احمد فاروق اور علی جاوید نے کہا ہے کہ خلیجی تعاون کونسل کے خطے میں اس وقت 55 لاکھ سے زائد پاکستانی مقیم ہیں، جو نہ صرف وہاں کی معیشت کا حصہ ہیں بلکہ پاکستان کے لئے بھی معاشی لحاظ سے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اٹلی میں پاکستانی طلبا کی تعلیمی ترقی کے لئے عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ اب تک 2500 سے زیادہ پاکستانی طلبا کو پی ایچ ڈی کے ویزے جاری کئے جا چکے ہیں ،اٹلی میں مقیم پاکستانیوں نے ایک ارب ڈالر سے زائد کا زرِ مبادلہ پاکستان بھیجا ہے جو کہ ملک کی معیشت کے لئے ایک بڑا تعاون ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں