توشہ خانہ ٹو:جج کی عدم دستیابی کے باعث سماعت نہ ہوسکی

لاہور، اسلام آباد(کورٹ رپورٹر،اپنے نامہ نگارسے ،مانیٹرنگ ڈیسک)لاہور ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی کی جناح ہاؤس حملہ سمیت9مئی کے 8 مقدمات میں ضمانتوں پر سماعت، عدالت نے درخواستوں پر سماعت 17 اپریل تک ملتوی کردی۔
جسٹس شہباز علی رضوی اور جسٹس طارق سلیم شیخ پر مشتمل دو رکنی بینچ نے سماعت کی، بانی کی جانب سے بیرسٹر سلمان صفدرپیش ہوئے اورموقف اختیار کیاکہ عمران خان 9مئی کو اسلام آباد میں نیب کی تحویل میں تھے سیاسی انتقام میں سازش کا الزام لگا کر مقدمات میں نامزد کیا گیا لہذا 8 مقدمات میں ضمانت منظور کر کے رہائی کا حکم دے ۔ سرکاری وکیل نے بتایا 9 مئی کے تمام کیسز کا ریکارڈ سپریم کورٹ میں موجود ہے ،عدالت نے ریکارڈ سپریم کورٹ میں موجود ہونے پر ضمانت کی درخواستوں پر سماعت 17 اپریل تک ملتوی کر دی۔ لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی، محمود الرشید و دیگر کیخلاف 9 مئی کے 4 مقدمات میں پراسیکیوشن سے مزید گواہوں کو طلب کرلیا۔اے ٹی سی عدالت کے جج منظر گل نے کوٹ لکھپت جیل میں کیسز کی سماعت کی۔ شاہ محمود قریشی ، محمود الرشیدودیگر ملزموں کو پیش کیا گیا۔انسدادِ دہشتگردی عدالت نے تھانہ شادمان جلاؤ گھیراؤ کیس میں گواہوں کے بیانات قلمبند کیے اور 17 اپریل تک کیسز کی سماعت ملتوی کردی۔بانی کے وکیل سلمان صفدر نے کہا ہے کہ عمران خان کی 9 مئی کے 21 کیسز میں ضمانت منظور ہو چکی ہے ۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا بانی کیخلاف 300 سے زائد کیسز درج ہوئے ، آج بھی ریکارڈ پیش نہ ہونے پر سماعت ملتوی ہوئی، اسلام آباد ہائیکورٹ سے درخواست ہے کہ وہ عمران خان کی اپیلوں پر فیصلہ کرے ، بانی کیخلاف پنجاب میں اب صرف 8 کیسز ضمانت کیلئے رہ گئے ہیں ،تقریبا ًٍتمام کیسز میں بانی کی ضمانت منظور ہو چکی ہے ۔ سپیشل پراسیکیوٹرز کو کیسز میں اب دلائل دینا چاہئیں، بہانے نہ کریں۔دوسری جانب سپیشل جج سنٹرل شاہ رخ ارجمند کی عدم دستیابی پربانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کیخلاف توشہ خانہ ٹوکیس کی سماعت بغیر کارروائی ملتوی جبکہ بانی کی بیٹوں سے ہفتہ واربات کرانے اور طبی معائنہ کی درخواستوں پر بھی سماعت نہ ہوسکی۔ جوڈیشل کمپلیکس میں بانی کے وکلاعثمان ریاض گل اور خالد یوسف عدالت پیش ہوئے ، جج کی عدم دستیابی پرتوشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت 28 اپریل تک ملتوی کردی گئی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس انعام امین نے بشریٰ بی بی کی جیل میں بہتر سہولیات فراہمی درخواست پر سیکرٹری داخلہ اور جیل سپرنٹنڈنٹ کو نوٹس جاری کرکے دو ہفتوں میں رپورٹ طلب کرلی۔ بشریٰ بی بی کی جانب سے وکیل عثمان ریاض گل اور ظہیر عباس عدالت پیش ہوئے ، عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرکے سماعت دو ہفتوں تک ملتوی کردی۔