بجٹ زمینی حقائق کے مطابق تشکیل دیں گے : وزیر خزانہ
اسلام آباد(دنیا نیوز،اے پی پی)وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے رواں سال بجٹ سازی کا عمل قبل از وقت شروع کیا گیا ہے، حکومت وفاقی بجٹ کو زمینی حقائق کے مطابق تشکیل دیگی۔
پاکستان منرلز سمٹ کی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ مقامی سرمایہ کار اہم منصوبوں میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں، برآمدات کو فروغ دینے اور اقتصادی سرگرمیوں میں تیزی لانے کیلئے بینکنگ شعبہ کا کردار اہمیت کاحامل ہے ۔انہوں نے یہ بات پیرکو ترجیحی شعبوں کو قرضوں کی فراہمی سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ وزیر خزانہ نے کہا حکومت براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے سنجیدگی سے اقدامات کر رہی ہے ۔علاوہ ازیں وزیر خزانہ ومحصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہاہے عوامی مالیات کے نظم و نسق اور ترقیاتی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے درپیش مالی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے آئی ایف سی جیسے بین الاقوامی اداروں کی مہارت اور مالی وسائل سے فائدہ اٹھانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے یہ بات انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کے وفد سے ملاقات میں کی جس کی قیادت آئی ایف سی کی گلوبل ڈائریکٹر برائے پبلک پرائیویٹ پرائیویٹائزیشن و کارپوریٹ فنانس ایڈوائزری لنڈا رودو مونینگیٹرووا کر رہی تھیں۔ وزیر خزانہ نے کہا پاکستان میں میکرو اکنامک استحکام بحال ہو چکا ہے جو معیشت کی مضبوطی کی بنیاد فراہم کرتا ہے۔