مکئی برآمدات :121فیصد سے زائد اضافہ،421ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل

اسلام آباد (اے پی پی)مالی سال 2024 کے دوران پاکستان کی مکئی برآمدات میں 121.57 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔
معروف تجزیہ کار ہادیہ زید کی رپورٹ کے مطابق، برآمدات سے 421 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا، جو کہ گزشتہ مالی سال کے 190 ملین ڈالر کے مقابلے میں دوگنا سے بھی زیادہ ہے ۔رپورٹ کے مطابق، مالی سال 2024 (جولائی 2023 تا جون 2024) کے دوران مکئی کی قومی برآمدات 421 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں، جبکہ گزشتہ مالی سال 2023 (جولائی 2022 تا جون 2023) میں یہ برآمدات 190 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئی تھیں۔ اس طرح مجموعی طور پر 231 ملین ڈالر کا اضافہ ہوا، جو 121.57 فیصد بنتا ہے ۔پاکستان میں مکئی کا زیر کاشت رقبہ 1.72 ملین ہیکٹر سے زائد ہے جبکہ سالانہ پیداوار 10 تا 11 ملین میٹرک ٹن کے درمیان ہوتی ہے ۔ رپورٹ کے مطابق، مکئی کی 50 فیصد برآمدات ویتنام کو کی جاتی ہیں، جس کی مالیت گزشتہ سال 174 ملین ڈالر رہی۔ملائشیا کو 18.3 فیصد (63 ملین ڈالر) اور سری لنکا کو 12.2 فیصد (42 ملین ڈالر) مکئی برآمد کی گئی، جس سے ان ممالک کو بھی مکئی کے اہم تجارتی شراکت داروں میں شمار کیا جا رہا ہے ۔ہادیہ زید کے مطابق، حالیہ برسوں میں مکئی کی بین الاقوامی طلب میں نمایاں اضافہ ہوا ہے کیونکہ یہ غذائی، جانوروں کی خوراک اور صنعتی مقاصد کے لیے کلیدی اجناس میں شامل ہو چکی ہے ۔ عالمی سطح پر سال 2024 میں مکئی کی پیداوار 143.18 ارب ڈالر رہی، جس میں سالانہ 3.6 فیصد کی شرح نمو دیکھی جا رہی ہے۔