اسرائیل کا غزہ کی اہم راہداری موراگ محورپر قبضہ

غزہ (اے ایف پی) اسرائیل کی فوج نے جنوبی غزہ میں رفح اور خان یونس کے درمیان نئی راہداری موراگ محور پر قبضہ کر لیا ۔۔
اسرائیلی وزیر دفاع کاٹز نے غزہ کے رہائشیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا آئی ڈی ایف نے اب موراگ محور پر قبضہ مکمل کر لیا ہے ۔فلاڈیلفی روٹ اور موراگ کے درمیان کے پورے علاقے کو اسرائیلی سکیورٹی زون کا حصہ بنا دیا گیاہے ۔جلد ہی غزہ کے بیشتر علاقوں میں کارروائیاں تیز اور دوسرے علاقوں تک پھیل جائیں گی، آپ کو جنگی علاقوں کو خالی کرنے کی ضرورت ہوگی۔ اب وقت آ گیا ہے کہ اٹھیں، حماس کو ہٹا دیں، اور تمام اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کریں ، یہ جنگ کو ختم کرنے کا واحد راستہ ہے ۔ادھر اسرائیل نے جنوبی غزہ میں خان یونس اور آس پاس کے علاقوں کے ہزاروں مکینوں کو بڑے پیمانے پر انخلا کا حکم دیا ہے ۔حماس نے ہفتے کو ایک ویڈیو جاری کی جس میں اسرائیلی نژاد امریکی یرغمالی الیگزینڈر کو زندہ دکھایا گیا ، ویڈیو میں یرغمالی نے اپنی رہائی کو محفوظ بنانے میں ناکامی پر اسرائیلی حکومت پر تنقید کی ہے ۔علاوہ ازیں مصری ثالثوں کے ساتھ ہفتے کو بات چیت سے پہلے حماس کے اہلکار نے کہا جنگ بندی کے معاہدے کی جانب حقیقی پیشرفت کی توقع ہے ۔بتایا گیا ہے کہ اسرائیل اور مصر نے ممکنہ جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے معاہدے کی دستاویزات کا تبادلہ کیا ہے ۔ مصر کی تجویز میں آٹھ زندہ یرغمالیوں اور آٹھ لاشوں کی رہائی شامل ہے ، بدلے میں 40 سے 70 دن تک جنگ بندی اور فلسطینی قیدیوں کی رہائی شامل ہے ۔ادھر حزب اللہ کے زیادہ تر فوجی مقامات جنوبی لبنان میں فوج کے حوالے کر دیئے گئے ۔