غزہ :مزید39شہید ،یمن پر امریکی بمباری ،12جاں بحق
غزہ ،یروشلم (اے ایف پی،مانیٹرنگ ڈیسک) غزہ کی پٹی میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں اسرائیلی فورسز کے وحشیانہ حملوں میں مزید 39 فلسطینی شہید،62زخمی ہوگئے ۔
وزارت صحت غزہ کے مطابق جنگ بندی کے خاتمے کے بعد سے اب تک ایک ہزار 864 فلسطینی شہید اور 4 ہزار 890 فلسطینی زخمی ہوئے ہیں جبکہ7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی جنگ میں 51 ہزار 931 افرادشہید اور ایک لاکھ 16ہزار 931 زخمی ہوچکے ۔ اسرائیل میں نئے امریکی سفیر مائیک ہکابی نے حماس سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ میں انسانی امداد کے داخلے کے بدلے میں یرغمالیوں کی رہائی کو یقینی بنائے ۔ انہوں نے کہا ہم حماس سے ایک معاہدے پر دستخط کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں تاکہ انسانی امداد غزہ میں ان لوگوں تک پہنچائی جا سکے جنہیں اس کی اشد ضرورت ہے ۔علاوہ ازیں گزشتہ روزیمن کے دارالحکومت صنعا پر امریکی فضائی حملے میں 12 افراد جاں بحق اور 30 زخمی ہوگئے ۔ امریکی طیاروں نے فروا ڈسٹرکٹ میں مارکیٹ اور رہائشی علاقے کو نشانہ بنایا۔یاد رہے جمعرات کو بھی امریکی فضائی حملے میں80 افراد جاں بحق اور 150 سے زائد زخمی ہوگئے تھے ۔اسرائیلی اپوزیشن رہنما یائر لاپڈ نے کہا ہے کہ انٹیلی جنس معلومات کے مطابق ہم تباہی کی طرف بڑھ رہے ہیں ،اس بار یہ تباہی اندر سے آئے گی۔ ہمیں اندرونی سیاسی قتل و غارت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔