چینی کے نرخ میں50روپے کمی، فی کلو قیمت 150ہوگئی
حکومتی نگرانی اور سپلائی میں اضافہ قیمتوں میں کمی کی وجہ ،عبدالرؤف ابراہیم
کراچی(رپورٹ:حمزہ گیلانی )حکومت کے سخت اور بروقت فیصلوں کے نتیجے میں ملک بھر میں چینی کی قیمتوں میں 50 روپے کی بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے جس کے تحت کراچی میں فی کلو چینی کی ریٹیل قیمت 200 روپے سے گھٹ کر 150 روپے تک آ گئی ۔ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن کے چیئر مین عبد الروف ابراہیم نے دنیا نیوز کو بتایا کہ کراچی میں چینی کی ہول سیل قیمت کم ہو کر 145 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے جبکہ پنجاب میں بھی چینی کی ہول سیل قیمت میں واضح کمی دیکھی گئی ہے اور یہ 143 روپے فی کلو تک آ گئی ہے ۔چیئرمین گروسرز اینڈ ہول سیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق چینی کی قیمتوں میں یہ کمی حکومتی نگرانی، ذخیرہ اندوزی کے خلاف کریک ڈاؤن اور سپلائی میں بہتری کا نتیجہ ہے ۔انہوں نے بتایا کہ مارکیٹ میں چینی کی دستیابی وافر مقدار میں موجود ہے اور کسی قسم کی قلت نہیں پائی جاتی۔
عبدالرؤف ابراہیم نے بتایا کہ چینی کے فارورڈ سودے بھی نمایاں طور پر سستے ہو گئے ہیں اور اب یہ 135 روپے فی کلو کی سطح پر بکنا شروع ہو چکے ہیں جو اس بات کا اشارہ ہے کہ آئندہ دنوں میں قیمتوں میں مزید کمی کا امکان ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتی اقدامات کے ساتھ کرشنگ سیزن کے آغاز سے چینی کی سپلائی میں مزید اضافہ ہوگا،جس کے نتیجے میں فی کلو قیمت جلد 100 روپے تک آنے کی توقع ہے ۔ عبدالرؤف ابراہیم کے مطابق اس وقت مارکیٹ میں چینی کے ذخائر وافر مقدار میں موجود ہیں جبکہ اس کے علاوہ تقریباً ڈیڑھ لاکھ ٹن درآمدی چینی بھی گوداموں میں دستیاب ہے جس سے سپلائی کا دباؤختم ہو چکا ہے ،اگر حکومت اسی طرح مارکیٹ کی نگرانی جاری رکھے اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائیاں برقرار رہیں تو چینی کی قیمتوں میں استحکام کے ساتھ مزید کمی بھی ممکن ہے ۔