پاکستان میں آج عید، وزیراعظم کے مسلم عالمی رہنمائوں کو فون

اسلام آباد،لاہور(نامہ نگار، اپنے رپورٹر سے، دنیا نیوز، نیوز ایجنسیاں)رویت ہلال کمیٹی نے شوال کے چاند کا اعلان کر دیا، آج ملک بھر میں عیدالفطر منائی جائے گی۔سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں گزشتہ روز عیدالفطر منائی گئی، امریکا، برطانیہ اور کینیڈا میں مسلم کمیونٹی تقسیم ہوگئی اور کئی نے اتوار کو عیدمنالی، عمان اور انڈونیشیا سمیت دیگرممالک میں بھی آج عید منائی جائے گی۔ وزیراعظم شہبا زشریف نے مسلم عالمی رہنماؤں کو ٹیلیفون کرکے عید کی مبارکباد دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ماہ شوال المکرم 1446ھ کا چاند دیکھنے کیلئے چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد کی زیر صدارت مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کا اجلاس کوہسار کمپلیکس پاک سیکرٹریٹ اسلام آباد میں ہوا۔پاکستان بھر میں زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس ان کے متعلقہ ہیڈ کوارٹرز لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ میں منعقد ہوئے ،چاند کی شہادتیں ملنے پر اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ یکم شوال المکرم 1446ھ 31 مارچ 2025 بروز پیر کو ہوگی۔ مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد نے کہا کہ پوری قوم اور امت مسلمہ کو شوال المکرم (عید الفطر) کا چاند مبارک ہو۔ اجلاس کے آخر میں عالم اسلام کے اتحاد، حرمین شریفین کے تحفظ، ملک پاکستان کی سلامتی و استحکام، ترقی و خوشحالی، اتحاد و وحدت، مقبوضہ کشمیر اور غزہ فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی آزادی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات (یو اے ای)، قطر، کویت، بحرین، یمن، فلسطین، افغانستان، برطانیہ سمیت متعدد یورپی ممالک میں عید الفطر منائی گئی،مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ میں نماز عید کے روح پروز اجتماعات ہوئے ، جہاں 20 لاکھ سے زائد فرزندان اسلام نے نماز عید ادا کی۔ دبئی، قطر، بحرین، کویت، ترکیہ، روس میں بھی عید منائی گئی۔
امریکا، برطانیہ اور کینیڈا میں مسلم کمیونٹی تقسیم رہی ، بعض نے اتوار کو عید منائی جبکہ بعض (آج)پیر کو عید منائیں گے ،فرانس میں بھی عیدالفطر مذہبی عقیدت اور جوش و جذبہ سے منائی گئی جبکہ عمان، انڈونیشیا اور برونائی میں عیدالفطرآج پیر کو منائی جائے گی۔ کراچی میں داؤدی بوہرہ جماعت نے اتوار کو عید الفطر مذہبی جوش و جذبے سے منا ئی۔ عید الفطر کا سب سے بڑا اجتماع کراچی صدر کی طاہری مسجد میں ہوا۔ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے شہباز شریف نے فروری میں ان کے پاکستان کے تاریخی دورے کو یاد کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں مثبت رفتارسے پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ شہبازشریف نے ازبکستان کے صدر شوکت مرزیوئیف سے بھی ٹیلی فونک رابطہ کیا، وزیراعظم نے ازبک صدر اور ازبکستان کے عوام کو عید کی مبارکباد دی اور دونوں ممالک کے عوام کی امن و خوشحالی کیلئے دعا کی۔ شہباز شریف نے جمہوریہ آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے ٹیلیفونک رابطہ میں صدر، ان کے خاندان اور آذربائیجان کے برادر عوام کیلئے دلی مبارکباد اور پرتپاک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لئے امن اور خوشحالی کی دعا کی۔
شہباز شریف نے اردن کی ہاشمی سلطنت کے فرمانروا شاہ عبداللہ دوم ابن الحسین سے بھی ٹیلیفونک گفتگو کی اور انہیں عیدالفطر کے پُرمسرت موقع پر دلی مبارکباد پیش کی۔ وزیراعظم نے شاہ عبداللہ اور اردن کے برادر عوام کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا،دونوں نے ایک دوسرے کو اپنے ملک کے دورے کی دعوت دی ۔کویت کے ولی عہد شیخ صباح الخالد الحمد المبارک الصباح سے ٹیلی فونک رابطہ میں شہبازشریف نے ولی عہد کے ساتھ ساتھ امیر کویت شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح اور کویت کے عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے ولی عہد کو جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی انتہائی پرخلوص دعوت دی۔ کویتی ولی عہد نے دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دورہ پاکستان سے قبل کویتی وزیراعظم پاکستان کا دورہ کریں گے ۔دریں اثنا مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ احمدحسان نے وزیراعظم سے ملاقات کی ،جس میں ملک کی سیاسی اور معاشی صورت حال پر تبادلہ خیال کیاگیا۔شہباز شریف نے دہشت گردی کے خلاف حکومت کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فتنہ خوارج کا خاتمہ کریں گے ۔ مسلح افواج کے افسروں اور جوانوں کی قربانیوں کو پوری قوم سلام عقیدت پیش کرتی ہے ،حکومت کی پالیسیوں سے ملکی معیشت میں استحکام آنا شروع ہو گیا ہے ۔ صدرمملکت آصف علی زرداری نے عید الفطر کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں پوری قوم اور عالم اسلام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ عید الفطر رمضان المبارک کی برکتوں کے بعد اللہ تعالیٰ کا انعام ہے ، ہمیں عید کے پرمسرت موقع پر ان بہن بھائیوں کو یاد رکھنا چا ہئے جو معاشی مشکلات کا شکار ہیں، اصل خوشی دوسروں کے ساتھ اپنی خوشیاں بانٹنے میں ہے ۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں قوم کو عیدالفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ دن ہمیں خوشی اور ہمدردی کا درس دیتا ہے ۔ پاکستان کو اس وقت اندرونی اور بیرونی خطرات لاحق ہیں، ہمیں ہر قسم کی انتہا پسندی، نفرت اور فرقہ واریت سے بچنا ہوگا اور ملکی سالمیت و استحکام کیلئے متحد ہونا ہوگا۔ اس موقع پر ہم ان تمام شہدا کے درجات کی بلندی کیلئے دعاگو ہیں جنہوں نے ملک کی حفاظت کیلئے جانیں قربان کیں۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستانی عوام بالخصوص اور پوری امت مسلمہ بالعموم کو دلی مبارکباد پیش کی ۔ بلاول بھٹونے کہا کہ اس بابرکت دن پر ہمیں اپنے ان بھائیوں اور بہنوں کو یاد رکھنا چاہیے جو غربت سے نبردآزما ہیں، وہ خاندان جو دہشت گردی کا شکار ہوئے ہیں،خصوصا کشمیری اور فلسطینی عوام، جو مسلسل ناانصافی، جبر اور ظلم کا سامنا کر رہے ہیں ۔جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے امن و امان کی ناقص صورت حال کیوجہ سے عید الفطر پر عوام کو بہت زیادہ احتیاط کا مشوہ دیا ہے ۔عید الفطر کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں انہوں نے اپیل کی کہ خوشی کے اس موقع پر اپنے گرد وپیش ضرورتمندوں ، فقراء اور حاجتمندوں کی ضروریات کا خیال رکھیں کہ یہی ہمارے پیارے دین کی تعلیمات ہیں۔