3نائیجیرین سمیت 8ملزم گرفتار، 15کروڑ کی منشیات برآمد

لاہور(آئی این پی)انسدادِمنشیات سیل نارتھ سٹی کوتوالی نے کارروائی کے دوران 3 نائیجیرین باشندوں سمیت8 منشیات فروش ملزموں کو گرفتار کرلیا۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ذیشان رضا نے سٹی کوتوالی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ این آئی یو نارتھ نے کارروائی میں3 نائیجیرین منشیات فروشوں سمیت 8 ملزموں کو حراست میں لیکر 15کروڑ مالیت کی منشیات برآمد کرلی ،مقدمات درج کر لیے گئے ۔برآمد کی گئی منشیات میں 30 کلو آئس، 10 کلو ہیروئن، 1 کلو کوکین، 2 کلو ویڈ، 10 ہزار ڈانسنگ پلز، 86 کلو چرس، 20 کلو افیون شامل ہیں ۔ گرفتار ملزموں میں نائیجیرین منشیات فروش ایمنوئی، ایکونا اور نونسو ایمنوئیل سمیت علی رضا، احسن سلیم، آصف بٹ، اسامہ اور قدیر خان شامل ہیں۔ ڈی آئی جی نے بتایا ملزم لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں کے سکولز، کالجز، یونیورسٹیز اور دیگر مقامات پر منشیات فروخت کرتے تھے ،ان خطرناک گینگز کو کئی ماہ سے جاری خفیہ آپریشن کے دوران مختلف مقامات پر خریداری کے ذریعے ٹریپ کیا گیا۔ اسکے علاوہ انسدادِ اغوا برائے تاوان سیل نے مختلف شہروں میں گھروں سے لاپتا ہونے والے 8 بچوں کو ٹریس کر کے بحفاظت ورثا کے سپرد کر دیا۔ بچوں کوواٹس ایپ اور سوشل میڈیا کمیونیکیشن کے ذریعے ٹریس کیا گیا۔ ڈی آئی جی ذیشان رضا نے مزید بتایا رواں برس کے ابتدائی 3 ماہ میں اغوا برائے تاوان سیل نے 27 بچوں کو بازیاب کرایاجبکہ منشیات کیخلاف آپریشن کو مزید موثر بنایا جا رہا ہے تاکہ نئی نسل کو اس لعنت سے بچایا جا سکے ۔