بجٹ :تنخواہ دار طبقے کو ریلیف کیلئے پروگرام تیار :وزیرخزانہ

بجٹ :تنخواہ دار طبقے کو ریلیف کیلئے پروگرام تیار :وزیرخزانہ

اسلام آباد (اے پی پی،مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے بجلی کے بلوں میں مزید کمی کرنے پر کام جاری ہے ، آئندہ مالی سال کے بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کو ریلیف دینے کے لئے پروگرام ترتیب دیا گیا ہے ۔

Advertisement
0 seconds of 0 secondsVolume 0%
Press shift question mark to access a list of keyboard shortcuts
00:00
00:00
00:00
 

جمعہ کو نمائش کے افتتاح کے بعد میڈیا سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے وزیرخزانہ نے کہا تنخواہ دار طبقے کے ریلیف کی تفصیلات آئی ایم ایف کے پاس لے کر جائیں گے ، ابھی میڈیا کو نہیں بتا سکتے ،بجٹ سازی کے لئے سرکاری اور نجی دونوں شعبوں سے 98 فیصد تجاویز موصول ہو گئی ہیں۔ وزیرخزانہ نے کہا بجٹ تجاویز میں جن پر عمل درآمد نہ ہو سکا اس کی وجوہات متعلقہ شعبے کو بتا دی جائیں گی، بجٹ کو اسمبلی میں پیش کرنے سے پہلے متعلقہ شراکت داروں کو بتا دیا جائے گا کہ کن تجاویز پر عمل درآمد ہو سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا یکم جولائی کے بعد بجٹ میں کوئی تبدیلی نہیں ہو گی ہمارا مقصد بجٹ پر عمل درآمد کے لئے زیادہ وقت دینا ہے ۔

آئی ایم ایف سے متعلق انہوں نے کہا امیدہے کہ آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ مئی میں سٹاف سطح کے معاہدے کی منظوری دے گا،پاکستان نے تمام اہداف پورے کر لئے ہیں۔ انہوں نے کہا تاجروں سے ٹیکس وصولی بہتر ہوئی ہے ، تاجر دوست سکیم کو تاجروں سے ٹیکس وصولی سے نہ جوڑا جائے ۔انہوں نے کہا حکومت ٹیکس کے نظام کوآسان اورشفاف بنارہی ہے ، ٹیکس دہندگان کے لئے ایسا فارم ترتیب دے رہے ہیں جو ہر فرد خود بھر سکے گا۔وزیر خزانہ نے کہا معاشی استحکام کے لیے اقدامات جاری ہیں، ایکسپورٹ کو بڑھانا ہے تو ہر سیکٹر کو کردار ادا کرنا ہوگا، ہمارے پاس ایسی مصنوعات ہیں جو بین الاقوامی برانڈز بن سکتی ہیں۔انہوں نے کہا پاکستان امریکا کے ساتھ تعمیری مذاکرات کرنے جا رہا ہے ، امریکا پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی پارٹنر ہے ، وزیر اعظم کی ہدایت پر پاکستانی وفد امریکا جائے گا اور امریکا کے ساتھ مثبت بات چیت کی جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں