غزہ میں اسرائیلی مظالم کیخلاف ملک بھر میں مظاہرے ،ریلیاں :نیتن یا ہوسن لو؟ہم انتقام لیں گے،حافظ نعیم

غزہ میں اسرائیلی مظالم کیخلاف ملک بھر میں مظاہرے ،ریلیاں :نیتن یا ہوسن لو؟ہم انتقام لیں گے،حافظ نعیم

لاہور، کراچی ،اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، سیاسی نمائندہ ، مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں )جماعت اسلامی کی اپیل پر اسرائیلی دہشت گردی کے خلاف ملک بھر میں یوم احتجاج منایا گیا ۔

Advertisement
0 seconds of 0 secondsVolume 0%
Press shift question mark to access a list of keyboard shortcuts
00:00
00:00
00:00
 

مساجد میں اسرائیلی مظالم کے خلاف مذمتی قرار دادیں منظور کی گئیں ، لاہور مال روڈپر ریلی نکالی گئی ، اسرائیل مردہ باد کے نعرے لگائے گئے ، جے یو آئی نے بھی لاہورمیں مظاہرہ کیا،تمام ضلعی ہیڈکوآٹرز، لاہور، اسلام آباد،پشاور،کراچی ،سکھر ،ملتان، کوئٹہ، قلات،مانسہرہ،حیدرآباد، پشین لاڑکانہ اور دیگر شہروں میں ریلیاں اوراحتجاجی مظاہرے کئے گئے جبکہ لاہور دبئی چوک علامہ اقبال ٹاؤن میں دھرنا دیا گیا۔امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی سربراہی میں جماعت اسلامی لاہور کے زیر اہتمام یکجہتی غزہ مارچ کا انعقاد کیا گیا۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اسرائیل ہمارے بچوں کو قتل کر رہا ہے ، حملوں سے بچے ہوا میں اُچھلتے اور ٹکڑے ٹکڑے ہو جاتے ہیں، نیتن یاہو سن لو ہمارے ایک ایک بچے کے خون کا بدلہ اُمت مسلمہ لے گی، انتقام لیں گے ۔ انھوں نے کہا کہ اسرائیل جہادیوں کا مقابلہ نہیں کر سکتا وہ صرف بمباری سے بچوں خواتین ، صحافیوں کو قتل کر سکتا ہے ، اسرائیل جب آگے بڑھتا ہے تو ان کے فوجیوں کو جہنم واصل کیا جاتا ہے ۔

نعیم الرحمن نے کہا کہ پاکستان کے حکمرانوں و اپوزیشن کے منہ میں چھالے کیوں پڑ گئے ، امریکا سے مطالبہ کیوں نہیں کرتے تم بچوں کے قاتلوں کی سپورٹ کر رہے ہو۔ وزیراعظم، صدر کو کہتا ہوں جب بچے و خواتین قتل ہو رہے تھے تو کچھ نہیں بول رہے تھے ، تاریخ آپکا نام بزدلوں کی صفوں میں لکھ دے گی۔ان کا کہنا تھا 18 اپریل کو ملتان اور 20 اپریل کو اسلام آباد میں تاریخی مارچ ہوگا، حکمرانوں کو کہتے ہیں ہوش کے ناخن لو۔حکمرانوں نے اسرائیل کی حمایت کی بات کی تو تمہیں عبرت کا نشان بنا دیں گے ۔ نائب امیر جماعت لیاقت بلوچ نے مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ ہو یا فلسطین، جماعت اسلامی نے ہمیشہ آواز بلند کی، اسرائیل کو شکست ہوئی تو ڈونلڈ ٹرمپ اور یہودی لابی نے اس شکست کو قبول کرنے پر دوبارہ فلسطینیوں پر بمباری شروع کر دی انھوں نے کہا کہ فلسطین ہمارا ایمانی و انسانی اخلاقی معاملہ ہے اس پر کسی صورت دستبردار نہیں ہو سکتے ، امریکی ایما پر اسرائیل پھرغزہ میں ظلم کر رہا ہے ، اس سے دنیا میں نفرت پیدا ہوگی۔ پاکستان، ایران، ترکی، انڈونیشیا، ملائشیا، سعودی عرب اور قطر کو مل کر لائحہ عمل بنانا ہوگا،عالم اسلام متحد ہو جائے ۔ لاہور میں جے یو آئی نے بھی ریلی نکالی ، شرکا سے خطاب کرتے ہوئے جے یو آئی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا محمد امجد خان نے کہاکہ غزہ میں اسرائیلی جارحیت حد سے بڑھ چکی ہے کفر کی طاقتیں اسرائیل کی مکمل پشت پناہی کررہی لیکن مسلم امہ کے حکمران، او آئی سی خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ صرف مذمتی بیانات اسرائیلی جنگی جہازوں کو نہیں موڑ سکتے ، تمام اسلامی ممالک کو دوٹوک حکمت عملی اپنانی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلاکر اسرائیلی درندگی کے خلاف قرارداد منظور کریں اور غزہ کے مجاہدین کی حمایت اسرائیل اور اس کے سر پرستوں کے خلاف بڑی ریلی کی قیادت کریں ۔امت مسلمہ مظلوم فلسطینی عوام پر اسرائیلی مظالم کو کسی صورت قبول نہیں کرے گی،امریکا ،برطانیہ،انڈیا فلسطینیوں کی نسل کشی میں اسرائیلی درندوں کے ساتھ برابر کا ملوث ہے ۔

بیت المقدس کے تحفظ کے لئے پوری قوم فلسطینیوں کے ساتھ کھڑی ہے ۔شرکا نے اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے ان کے مکمل بائیکاٹ کا اعلان کیا۔ادھر ٹیکسلا خانپور، خانیوال ، فاروق آباد، ساہیوال، وزیر آباد، بھلوال، وہاڑی ، مری، بہاولپور میں بھی اسرائیلی جارحیت کے خلاف اور فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلیاں نکالی گئیں ۔ حیدرآباد، جیکب آباد، سانگھڑ، ٹھل، لاڑکانہ، نوشہروفیروز، سجاول، جامشورو، بدین سمیت سندھ بھر میں ریلیاں نکالی گئیں ، جس میں سیاسی، مذہبی، سماجی تنظیموں سمیت ہر مکتبہ فکر کے سینکڑوں افراد نے شرکت کی ۔سوات، ایبٹ آباد، لوئردیر،ہری پور، مردان،مانسہرہ سمیت خیبرپختونخوا میں بھی ریلیاں و احتجاجی مظاہرے کیے گئے ۔آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد، پلندری، راولاکوٹ، باغ میں بھی ریلیاں نکالی گئیں۔مظاہرین نے اسرائیلی وزیرِاعظم نیتن یاہو کے خلاف بھی شدید نعرہ بازی کی ۔ اس موقع پر فلسطینی مسلمانوں کے لئے خصوصی دعائیں بھی کی گئی۔اسرائیلی جارحیت کے خلاف اور مظلوم فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کے طور پر جماعت اسلامی کراچی کی جانب سے پرامن احتجاجی مظاہروں کا انعقاد کیا گیا۔ پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے زیراہتمام غزہ لہو لہو ،ہفتہ یکجہتی فلسطین مہم کے تحت جمعہ کو کئی شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے ، خطبات جمعہ میں علما کرام نے اسرائیلی مظالم کے خلاف مذمتی قراردادیں پیش کیں،نماز جمعہ میں اہل غزہ کی مدد ونصرت کے لئے دعائیں کی گئیں۔ اوکاڑہ،دنیا پور،میلسی، رینالہ خورد، تحصیل رستم، چکدرہ،مردان،بالا کوٹ، تھرپارکر،مرید کے ، منڈی احمد آباد سمیت دیگر شہروں میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں میں اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں