امریکا میں پاکستان مخالف بل فردواحد کا اقدام :دفترخارجہ
اسلام آباد (وقائع نگار)ترجمان دفترِ خارجہ شفقت علی خان نے کہا کہ امریکی کانگریس میں پاکستان مخالف بل دو طرفہ تعلقات کا عکاس نہ ہی یہ امریکی حکومت کی رائے ، یہ ایک فرد کی جانب سے کیا گیا اقدام ہے ۔
بل پر ردعمل میں ترجمان دفترِ خارجہ نے کہا کہ ہم امریکی ایوانِ نمائندگان میں پیش بل سے آگاہ ہیں ،بل منظوری سے قبل متعدد کمیٹیوں میں جائے گا، امید ہے امریکی ایوانِ نمائندگان میں پاک امریکا تعلقات کی بہتری کے لئے اقدامات کئے جائیں گے ، ہفتہ وار پریس بریفنگ میں ترجمان نے کہا ہے کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کیلئے کسی قسم کی رعایت یا معافی کی گنجائش نہیں ،افغانستان اور ہم پڑوسی ہیں، ہمار ی بات چیت کے متعدد چینلز ہیں، پاک افغان رابطہ ایک مسلسل عمل ہے ،ابھی تک افغان مہاجرین کی واپسی کی ڈیڈ لائن میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ،پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کرتا، پاکستان کے پاسپورٹ پر واضح لکھا ہے کہ اسے اسرائیل جانے کے لئے استعمال نہیں کیا جا سکتا، تکنیکی طور پر کوئی پاکستانی اس پاسپورٹ پر اسرائیل میں داخل نہیں ہو سکتا، اگر کوئی داخل ہوتا ہے تو اس کے لئے خصوصی انتظامات اس ریاست کی جانب سے کئے گئے ہوں گے ۔انہوں نے کہاکہ چین کی جانب سے بلوچستان میں مسلح دستوں کی تقرری کی افواہوں کی تردید کرتے ہیں۔