تعلیمی اداروں اور مختلف شہروں میں کریک ڈاؤن، 3 کروڑ کی منشیات برآمد، 4 ملزم گرفتار

لاہور: (دنیا نیوز) اے این ایف نے تعلیمی اداروں اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کیا۔
اے این ایف نے 7 کارروائیوں میں 4 ملزموں کو گرفتار کر لیا، کارروائیوں میں 3 کروڑ سے زائد مالیت کی 150 کلو گرام منشیات برآمد کر لی گئی، بلیلی روڈ کوئٹہ کے قریب ملزم سے 2 کلو آئس برآمد کر لی گئی، گرفتار ملزم نے تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کر لیا۔
لاہور میں کوریئر آفس کے ذریعے برطانیہ بھیجے جانے والے پارسل سے 785 گرام ہیروئن برآمد کرتے ہوئے ملزم کو حراست میں لے لیا گیا، شیخوپورہ میں خانقاہ ڈوگراں انٹرچینج کے قریب گاڑی سے 111.6 کلو افیون اور 4.8 کلو چرس برآمد کر لی گئی جبکہ ایک ملزم کو حراست میں لے لیا گیا۔
کوسٹل لائن پسنی سے 20 کلو چرس برآمد کر لی گئی، پشاور میں واقع کوریئر آفس میں 6 مشکوک پارسلز سے مجموعی طور پر 2.820 کلو چرس، 200 گرام آئس اور 120 ایکسٹیسی گولیاں برآمد ہوئیں، مذکورہ پارسلز اسلام آباد، قصور، گوجرانوالہ اور جہلم بھیجے جانے تھے۔
فرقان آباد کراچی سے واٹر ٹینک میں چھپائی گئی 5.4 کلو چرس برآمد ہوئی، اقبال شہید ٹول پلازہ اٹک کے قریب گاڑی کے خفیہ خانوں سے 2.4 کلو چرس برآمد کرکے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق گرفتار ملزموں کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔