عالمی مالیاتی فنڈ نے بجلی سستی کرنے کی اجازت دیدی:آئی ایم ایف پروگرام سے معاشی استحکام آتا ہے ترقی نہیں:شہباز شریف
اسلام آباد (مدثرعلی رانا)عالمی مالیاتی فنڈ نے بجلی سستی کرنے کی اجازت دے دی تاہم بجلی کتنی سستی ہوگی اس حوالے سے آئی ایم ایف اور حکومت کے متضاد بیانات سامنے آگئے ، آئی ایم ایف نے کہا تمام صارفین کو بجلی کی قیمتوں میں ایک روپیہ یونٹ ریلیف ملے گا۔
یہ ریلیف کیپٹیو پاورپلانٹس پر لیوی سے حاصل ریونیو سے دیا جائے گاجبکہ مشیر خزانہ خرم شہزاد نے دنیا نیوز کے پروگرام مہربخاری کیساتھ میں گفتگو کرتے کہا آئی ایم ایف سے متعلق ایک روپیہ بجلی سستی کرنے کی خبر درست نہیں، بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان وزیر اعظم کرینگے ،آئی ایم ایف کبھی ٹیرف میں مداخلت نہیں کرتا،بجلی ٹیرف میں ایک روپے کمی کی خبرکی تردید کرتاہوں،آئی ایم ایف صرف یہ کہتاہے کہ سبسڈی نہ دیں،میں یقین دلاتاہوں کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی کی اچھی خبر آئے گی۔سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا پٹرول اور ڈیزل پر 10،10 روپے کی لیوی سے حکومت ایک ماہ میں 17 ارب اور سال میں200 ارب کمائے گی ،حکومت نے آئی ایم ایف سے یہ بھی وعدہ کیا ہے اگر عالمی مارکیٹ میں پٹرول مزید سستاہوتا ہے ہم سستا نہیں کرینگے ،مزید ٹیکس بڑھا دیں گے ،حکومت نے ایک اور بھی لیوی لگائی ہے گیس انڈسٹری پراس کا ریٹ 3500 روپے ہے ،اسکے اوپر حکومت نے 7092 روپے لیوی لگائی ہے ، آئی ایم ایف یہ کہہ رہا ہے کہ اس لیوی سے جو پیسہ جمع کروگے اس میں ایک روپے فی یونٹ کم کردیں،ہم نے یہ سنا ہے کہ 10 روپے فی یونٹ بجلی سستی ہوجائے گی،اس میں صرف ایک روپے کی اجازت ملی ہے ،حکومت نے بجلی کی قیمت کم کرنے کیلئے کوئی قدم نہیں اٹھایا۔دوسری جانب باوثوق ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے بنیادی ٹیرف میں 1 روپیہ 70 پیسے کمی کی اجازت دی تاہم بجلی ٹیرف میں کمی کیلئے 3 سے 4 تجاویز زیرغور ہیں جس میں بنیادی ٹیرف، ٹیرف ایڈجسٹمنٹ اور گردشی قرضہ سیٹل کر کے ٹیرف میں ریلیف کی تجاویز پر کام ہو رہا ہے یہ تجاویز فائنل ہونے پر آئی ایم ایف سے شیئر کی جائیں گی اور وزیراعظم شہباز شریف ٹیرف ریلیف کا اعلان کریں گے ۔ ذرائع کا کہنا ہے آئی ایم ایف کیساتھ کاربن لیوی آئندہ بجٹ سے عائد کرنے پر اتفاق ہوا ہے جبکہ رواں مالی سال پٹرولیم لیوی کو بڑھا کر کاربن لیوی عائد کرنے کیلئے آئی ایم ایف سے مہلت مانگی گئی، پٹرولیم مصنوعات پر 10 روپے لیوی بڑھا کر 55 ارب روپے اضافی اکٹھے ہو سکیں گے جس سے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 1 روپیہ 70 پیسے کی کمی کی جائے گی، واضح رہے کہ صدر مملکت کیپٹیوپاور پلانٹس پر 20 فیصد تک لیوی لگانے کے لیے گزشتہ ماہ آرڈیننس جاری کرچکے ہیں اور پہلے مرحلے میں 5 فیصد لیوی بھی عائد کی گئی ہے ۔
اسے بھی ٹیرف ریلیف میں استعمال کیا جائے گا لیکن ذرائع کا کہنا ہے کیپٹیو پاور پلانٹس نے عدالت سے سٹے لیا ہوا ہے ، حکومت کی جانب سے بجلی صارفین کیلئے مزید ریلیف پیکیج پر بھی کام جاری ہے جس میں سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں ریلیف شامل ہے آئی ایم ایف کیساتھ ورکنگ منظوری سے یہ پیکیج کا حصہ بن جائے گا، آئی ایم ایف کا وفد اپریل یا مئی میں دورہ کرے گا جس میں آئندہ مالی سال کیلئے بجٹ کی تیاری پر تجاویز کو فائنل کیا جائے گا ،اُس سے قبل آئی ایم ایف کے ساتھ ورچوئل بات چیت بھی جاری رہے گی، نئے مالی سال کا بجٹ جون کے پہلے ہفتے کے دوران پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا۔ ذرائع ایف بی آر کی جانب سے بتایا گیا کہ فی الحال تنخواہ دار طبقے کو ٹیکس ریلیف دینے پر آئی ایم ایف نے رضامندی ظاہر نہیں کی آئی ایم ایف نے یہ مطالبہ کیا ہے کہ جب ٹیکس نہ دینے والے شعبے ٹیکس نیٹ میں آجائیں گے تو تنخواہ دار طبقے کو ریلیف دیا جا سکتا ہے ، رئیل اسٹیٹ سیکٹر کیلئے آئی ایم ایف نے پہلی ٹرانزیکشنز پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ختم کرنے کی منظوری دے دی تاہم باقی تمام ٹیکسز برقرار رہیں گے ، فائلرز کیلئے پراپرٹی کی ٹرانزیکشنز پر اس وقت تقریباً 14 فیصد تک مختلف ٹیکسز عائد ہیں جس میں کیپیٹل ویلیو، کیپیٹل گین ٹیکس، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی، سٹیمپ ڈیوٹی، رجسٹریشن فیس شامل ہیں جس میں صرف 3 فیصد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ختم کرنے کیلئے آئی ایم ایف نے منظوری دی ہے ، پہلی ٹرانزیکشن کے بعد ہر اگلی پراپرٹی ٹرانزیکشن پر پورا ٹیکس وصول کیا جائے گا اور پراپرٹی فروخت کرنے والوں پر ٹیکس کی موجودہ شرح برقرار رہے گی۔
اسلام آباد(نامہ نگار، مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دعا ہے کہ آئی ایم ایف کاموجود ہ پروگرام ملکی تاریخ کا آخری پروگرام ہو کیونکہ آئی ایم ایف کے پروگراموں سے قومیں ترقی نہیں کرتیں بلکہ معاشی اشاریوں کو مستحکم کوکیا جا سکتا ہے اور یہ استحکام پاکستان میں آگیا ہے ۔پرائم منسٹرز ڈیجیٹل یوتھ ہب کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے وزیراعظم نے کہا آج کا دن منفرد خوشی کادن ہے ۔ جس زمانے میں مصنوعی ذہانت کا کسی کو علم نہیں تھا اس زمانے میں بطور وزیر اعلیٰ پنجاب تعلیم، صحت اور نوجوانوں کے لئے ترجیحی اقدامات کئے ، پنجاب میں 2011 سے 2018 تک میرٹ کی بنیاد پر 4 لاکھ لیپ ٹاپ ہونہار طلبا و طالبات میں مفت تقسیم کئے گئے ۔نوجوانو ں کو آئی ٹی ، مصنوعی ذہانت اور پیشہ وارانہ تربیت دی جائے تو یہ ملک کا عظیم سرمایہ بنیں گے ۔ اگر آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان سمیت پورے ملک کے کروڑوں نوجوانوں کو تربیت اور جدید ٹیکنالوجی کی فراہمی پرسرمایہ کاری کریں تو پاکستان چند سال میں سب سے زیادہ ترقی یافتہ ملک بن جائے گا۔ رانا مشہود خان کو پروڈکٹو ایمپلائمنٹ کا ٹاسک دیاگیا ہے تاکہ نوجوانوں کو زرعی اور صنعتی شعبوں ،آئی ٹی ہائوسز ، یونیورسٹیوں اور ٹیکنیکل سنٹرز میں بہترین تربیت دلانے کے بعد ملازمت دلوائیں۔ ہم اپنے اخراجات کم کردیں گے لیکن نوجوانوں کو بہترین تربیت یقینی بنائیں گے ۔ ہمارے ٹریننگ سنٹرز میں بہترین ٹرینرزآنے چاہئیں۔اس پورٹل کے ذریعے صوبوں کے ساتھ ملکر وسائل کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ 77 سال میں ہمارے قرضے بہت بڑھ گئے ہیں۔
میری دعا ہے کہ آئی ایم ایف کاموجود ہ پروگرام ملکی تاریخ کا آخری پروگرام ہو کیونکہ آئی ایم ایف کے پروگراموں سے قومیں ترقی نہیں کرتیں بلکہ معاشی اشاریوں کو مستحکم کیا جا سکتا ہے اور یہ استحکام پاکستان میں آگیا ہے ۔ آئی ایم ایف سے سٹاف لیول معاہدہ ہو گیا ہے ، اسکے بورڈ آف گورنر کے مئی میں ہونے والے اجلاس میں ایک ارب ڈالر کی اگلی قسط کی منظوری ہو جائے گی۔ نوجوانوں نے اس قرضے کی زندگی کو وقار کی زندگی میں بدلنا ہے ۔ کسانوں ، صنعتکاروں اور نوجوانوں کومعاشی طورپر مضبوط بنانا ہوگا۔ میں آخری دم تک آپ کے حقوق کی جنگ لڑتا رہوں گا اور آخری حد تک قوم کو قرضوں سے نجات دلائوں گا۔ ہمیں قرضوں سے نجات پانے کے لئے اپنی پیداوار اور برآمدات میں اضافہ کرنا ہوگا۔ اربوں کھربوں روپے کے مقدمات عدالتوں اور ٹربیونلز میں زیر سماعت ہیں۔ دریں اثنا وزیراعظم نے اسلامی نظریاتی کونسل کی گولڈن جوبلی تقریب سے خطاب کرتے کہا بابائے قوم اور مفکر پاکستان کے پاکیزہ خوابوں کو عملی جامہ پہنانے کے لئے 1973 کے آئین کے تحت اسلامی نظریاتی کونسل کا قیام امن میں لایا گیا اور خوشی ہے کہ یہ ادارہ انہی مقاصد کی تکمیل کے لئے شبانہ روز کوشاں ہے ،کونسل کے کریڈٹ پر اسلامی بنکاری کے کامیاب نظام متعارف کرانے کا کارنامہ ہے جوکوئی چھوٹا کارنامہ نہیں ، اس سے دنیا میں کئی اسلامی ممالک میں اسلامی بنکاری کا نظام پروان چڑھا اور اب غیرمسلم ممالک میں بھی اس پر بڑا کام ہورہا ہے ۔
انتہا پسندی ، نفرت اور تقسیم کے رویے اسلامی اتحاد ، اخوت اوربھائی چارے کی تعلیمات اور سوچ کے منافی ہیں ، علما حق خا ص طور پر کونسل پر یہ بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ نوجوان نسل کو منفی رویوں، غلط بیانیوں اور جھوٹ اور پروپیگنڈہ کی یلغار سے تحفظ فراہم کرنے میں اپنا کلیدی کردار ا دا کریں اور قرآن و سنت کی روشنی میں سب مل کر معاشرے کی رہنمائی کریں،اسلامی نظریاتی کونسل کی گولڈن جوبلی کے موقع پر ہمیں یہ عہد کرنا ہے کہ اجتماعی تدبر اورحکمت عملی سے آگے بڑھنا ہے اور دنیا میں پاکستان کا نام روشن کرنا ہے ، اسکے لئے اسلامی نظریاتی کونسل کلیدی کردار ادا اور رہنمائی کرسکتی ہے ۔ انہوں نے کونسل کو دعو ت دی کہ وہ آگے بڑھے اور اس ضمن میں قائدانہ کردار ادا کرے ، ہم سب انکے پیچھے چلیں گے تاکہ پاکستان کوصحیح معنوں میں اسلامی رفاحی ریاست بنایا جاسکے ۔علاوہ ازیں وزیراعظم سے ہواوے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایتھن سن کے زیر قیادت پانچ رکنی وفد سے ملاقات کی ،شہبازشریف نے کہا پاکستانی نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں فنی تربیت کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ہواوے کے ساتھ ٹھوس اور طویل مدتی شراکت چاہتے ہیں۔ہواوے کے آئی سی ٹی تربیتی پروگرام سے نا صرف آئی ٹی برآمدات میں اضافہ ہوگا بلکہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع حاصل کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ اس موقع پر ہواوے کے زیر اہتمام تین لاکھ پاکستانی نوجوانوں کو آئی ٹی کے شعبے میں تربیت کی فراہمی بارے پیشرفت پر بریفنگ میں بتایاگیاکہ تین لاکھ نوجوانوں میں سے 2 لاکھ 40 ہزار نوجوانوں کو بنیادی نوعیت جبکہ 60 ہزار نوجوانوں کو ہائی ٹیک تربیت فراہم کی جائے گی ۔اس سال کے اختتام تک تمام 3 لاکھ نوجوانوں کی تربیت مکمل ہو گی۔تربیتی پروگرامز کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کروائی جائے گی۔