کوئٹہ:دھماکا،3افرادشہید21زخمی ،پختونخوا:11خوارج ہلاک
کوئٹہ ،گوادر،اسلام آباد، راولپنڈی (سٹاف رپورٹر،نامہ نگار ،خصوصی نیوز رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)کوئٹہ میں پولیس وین کے قریب بم دھماکے میں 3افراد جاں بحق اور 21افراد زخمی ہوگئے ، گوادرکے علاقے کلمت میں 6مسافروں کو بس سے اتارکرفائرنگ کرکے قتل کردیاگیا۔
سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا میں 4 الگ الگ آپریشنز میں 11 خوارج دہشتگردوں کو ہلاک کردیا ۔تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں ڈبل روڈ پربڑیچ مارکیٹ کے قریب بم دھماکے میں 3 افراد جاں بحق اور2بچوں ،4 پولیس اہلکاروں سمیت 21 افراد زخمی ہوئے ،4زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے ۔ دھماکے سے ایک موٹرسائیکل میں آگ لگ گئی اورقریب کھڑی گاڑیوں کو نقصان پہنچا ۔ بلوچستان میں گوادر کے علاقے پسنی اور اورماڑہ کے درمیان کلمت میں نامعلوم مسلح افراد نے بس میں سوار مسافروں کا اتار کر ان پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 5 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک زخمی ہونیوالا شخص ہسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا ۔پولیس حکام کے مطابق مسافر گوادر سے کراچی جا رہے تھے ، جاں بحق ایک شخص کا تعلق ملتان سے ہے ، دیگر کی شناخت کا عمل جاری ہے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں خفیہ اطلاع پر پہلی کارروائی میں 5 خوارج مارے گئے جبکہ دوسری کارروائی بھی میر علی میں ہی کی گئی جس میں 3 خوارج دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا۔ تیسری کارروائی شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں کی گئی جہاں 2 خوارج مارے گئے جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان میں چوتھی کارروائی کے دوران ایک خوارج مارا گیا۔آپریشن کے دوران ہلاک ہونے والے خوارج سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ۔
خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں پولیس وین کے قریب سڑک کنارے نصب ریموٹ کنٹرول بم دھماکا ہوا تاہم ایس ایچ اواور ان کے ساتھی محفوظ رہے جبکہ گاڑی کو بھاری نقصان پہنچا ۔لکی مروت میں بم ڈسپوزل سکواڈ نے لکی منجیوالہ لنک روڈ پر شرپسندوں کی جانب سے نصب کئے گئے 43کلو وزنی آئی ڈی بم کو ناکارہ بنادیا ۔ادھر ڈپٹی کمشنر چاغی کی رہائشگاہ پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی تاہم کوئی نقصان نہیں ہوا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری ،وزیراعظم شہباز شریف ،وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی اور وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے دہشت گردی کے واقعات میں قیمتی جانی نقصان پر اظہار افسوس کیا اورکہا کہ دہشت گرد ملکی ترقی اور صوبہ بلوچستان کی خوشحالی کے دشمن ہیں،انہوں نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے اور واقعات کی فوری تحقیقات اور ذمہ داروں کا تعین کرکے انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کی ہدایت کردی ۔ان کاکہناتھاکہ شرپسندوں کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔ انہوں نے خیبرپختونخوا میں آپریشنز میں دہشت گردوں کیخلاف کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔