لادی گینگ کے خلاف آپریشن :کمین گاہیں اور مورچے تباہ
پولیس لادی گینگ کے مورچوں تک پہنچ گئی، گینگ کے افراد مورچے چھوڑ کر فرار
ڈیرہ غازیخان(نمائندہ خصوصی )خطرناک لادی گینگ کے خلاف تاریخ کا سب سے بڑا آپریشن شروع کر دیا گیا ، دوران آپریشن پولیس اور لادی گینگ کے ممبران کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، لادی گینگ کی کمین گاہیں اور مورچے تباہ کر دیئے گئے ۔ کچھ مشکوک افراد کو پولیس نے حراست میں لیکر تفتیش شروع کر دی۔ سرچ آپریشن میں ضلعی پولیس کے ہمراہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت 600 سے زائد جوانوں نے حصہ لیا ۔بلٹ پروف اور بکتر بند گاڑیوں سے آگے بڑھتے ہوئے پولیس نے لادی گینگ کے 8 گھر اور مورچے تباہ کر دیئے جبکہ لادی گینگ کے ممبران خوف سے بھاگ گئے ۔ ڈی پی او عمر سعید ملک تمام تر آپریشن کی خود نگرانی کرتے رہے ۔ضلعی پولیس ، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہمراہ بھاری اسلحہ، گاڑی کے ہمراہ لادی گینگ کے مورچوں تک پہنچ گئی تھی ، لادی گینگ کے ممبران اپنے مورچے چھوڑ کر فرار ہو گئے ۔