جنگلی حیات کا کتوں کے ہمراہ شکارپر پابندی کا نوٹیفکیشن معطل
معاملہ درخواست گزار کے بنیادی حقوق کی خلا ف ورزی کا ہے :جسٹس جواد
لاہور(محمد اشفاق)عدالت نے جنگلی حیات کا کتوں کے ہمراہ شکار پر پابندی کا نوٹیفکیشن معطل کردیا، عدالت نے درخواست سماعت کے لیے منظور کرلی ۔جسٹس جواد حسن نے فیصلہ میں لکھا کہ معاملہ درخواست گزار کے بنیادی حقوق کی خلا ف ورزی کا ہے ، سرکاری وکیل متعلقہ اتھارٹی سے رہنمائی لیکر محکمے کے سینئر افسر کی موجودگی کو یقینی بنائیں، درخواست گزارسیدزبیرحسین کے وکیل نے کہاکہ وہ ضلع جہلم کی تحصیل سوہاوا میں 91 کنال اراضی کا مالک ہے ، درخواست گزار متعلقہ اداروں کی منظوری سے جنگلی حیات کی افزائش کا پرائیویٹ فارم چلا رہا ہے ۔ درخواست گزار کے مطابق حکومت نے بغیر تحقیق کیے کتوں کے ہمراہ شکار پر پابندی عائد کردی ہے ۔محکمہ وائلڈ لائف نے جنگلی حیات کا کتوں سے شکار پر پابندی کا نوٹیفکیشن غیر قانونی طور پر جاری کیا ۔عدالت نے آئندہ سماعت پر محکمہ وائلڈ لائف کے سینئر افسر کو طلب کرلیا۔