لاہور ہائیکورٹ کا بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کا موٹروے پر داخلہ بند کرنے کا حکم

لاہور ہائیکورٹ کا بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کا موٹروے پر داخلہ بند کرنے کا حکم

لائسنس کے بغیرگاڑی چلانے پر2ہزار جرمانہ کرنے ،تجاوزات کے مکمل خاتمے کی ہدایت،عبوری تحریری حکم جاری ، مقدمہ قتل میں عمر قید پانیوالاملزم 10سال بعد بری ،ریٹائرڈ جج کی پنشن روکنے کیخلاف درخواست پر بھی سماعت

لاہور (کورٹ رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ نے سموگ پر قابو پانے کیلئے موٹروے ایم ٹو پر 7دسمبر سے بغیر ایم ٹیگ والی گاڑیوں کا داخلہ ممنوع قرار دے دیا، جبکہ بغیر لائسنس گاڑی چلانے والوں کو 2 ہزار روپے جرمانے کا حکم دیتے ہوئے شہر میں تجاوزات کا مکمل خاتمہ کرنے کے احکامات جاری کردئیے ہیں ۔جسٹس شاہد کریم نے شیراز ذکا ایڈووکیٹ کی درخواست پر 8صفحات پر مشتمل عبوری تحریری حکم جاری کردیا۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ ون وے کی خلاف ورزی پرجرمانہ بڑھانے کے زہردست نتائج سامنے آ رہے ہیں ۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے تجویز دی موٹر وے کے ارد گرد ایئر کوالٹی انڈیکس زیادہ ہے اس لئے ایم ٹیگ کے بغیر گاڑیوں کا داخلہ بند کیا جائے جس پر جسٹس شاہد کریم نے سموگ پر قابو پانے کیلئے 7دسمبر سے موٹر وے ایم ٹو پر بغیر ایم ٹیگ کے گاڑیوں کا داخلہ بند کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔ حکم میں مزید کہا گیا جن ایم ٹیگ گاڑیوں میں بیلنس نہیں،انہیں بھی داخل نہ ہونے دیا جائے ،ایم ٹیگ کے بوتھ بڑھائے جائیں۔ایل ڈی اے رپورٹ کے مطابق انکروچمنٹ کے خاتمے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔فیصلہ میں ہدایت کی گئی ہے کہ جرمانوں کے لیے مجسٹریٹ کی تعیناتی بارے ڈپٹی رجسٹرار سیشن جج کو آگاہ کریں ۔ دیگر اضلاع کے ڈپٹی کمشنر بھی سموگ کے تدارک کے لیے فوری اقدامات کریں، تجاوزات کے خاتمے کیلئے اینٹی انکروچمنٹ سکواڈ تشکیل دیاجائے ،عدالت نے عمل درآمد رپورٹ 7 دسمبر تک طلب کرلی۔لاہور ہائیکورٹ نے رحیم یار خان سڑک کی تعمیر کے دوران خوردبرد کرنے کے الزام میں پروجیکٹ انجینئر کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دے دیا۔ جسٹس سرفراز احمد ڈوگر نے عباس کی درخواست پر سماعت کی ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم ظفر نصراللہ ذاتی حیثیت میں عدالت پیش ہوئے عدالت نے سخت اظہار برہمی کیا اور کہا آپ کیوں عدالتی احکامات کو مان نہیں رہے جس پر ایڈیشنل ہوم سیکرٹری نے بتایا ای سی ایل سے نام نکالنے کا حکم وفاقی حکومت دے سکتی ہے ۔لاہور ہائیکورٹ کے ریٹائرڈ جج خورشید انور بھنڈر کو دو سال سے پنشن جاری نہ کرنے پر دائر درخواست پر سماعت ہوئی ،عدالت نے کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے سماعت 23 دسمبر تک ملتوی کردی ۔لاہور ہائیکورٹ نے معذور افراد کو سہولیات دینے سے متعلق دائر درخواست پر سماعت کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر قانونی مسودہ کیلئے پیش رفت رپورٹ طلب کرلی ۔ڈائریکٹر ایف آئی اے کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت میں جسٹس سرفراز ڈوگر نے چیئرپرسن اوگرا عظمیٰ عادل خان کے تمام منجمداکائونٹ بحال کرنے کا حکم دیتے ہوئے 16 دسمبر تک پٹرول بحران کمیشن کی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ لاہور ہائیکورٹ نے قتل کے مقدمے میں عمر قید پانے والے ملزم کو دس سال بعد بری کر دیا ۔جسٹس شہرام سرور نے ملزم محمد یوسف کی عمر قید کے خلاف اپیل منظور کر لی ۔ملزم کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سیشن کورٹ کی جانب سے سنائی گئی سزا قانون کے مطابق درست نہیں ۔ ملزم کے خلاف دو ہزار گیارہ میں قتل کا مقدمہ درج کیا گیا تھا اور ایڈیشنل سیشن جج بھلوال نے ٹرائل مکمل ہونے پر ملزم کو دو ہزار چودہ میں عمر قید کی سزا سنائی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں