ملازم کے انتقال پر بچوں کو نوکری دینے کیلئے وقت مقررکرنیکا حکم
لاہور(محمد اشفاق سے )لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب حکومت کو سرکاری ملازم کے انتقال کے بعد یا بیماری کے باعث قبل از وقت ریٹائرمنٹ پر بیوہ یا بچوں کو نوکری دینے کے لیے وقت مقرر کرنے کا حکم دیدیا ،
جسٹس انوار حسین نے بیماری کے باعث والد کی ریٹائرمنٹ کے 28سال بعد جونیئر کلرک کی سیٹ پر نوکری حاصل کرنے کی درخواست خارج کردی۔جسٹس انوار حسین نے امیر حمزہ کی درخواست پر بارہ صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا،فیصلے میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار نے پنجاب سول سروس کے رولز 17اے کے تحت نوکری کی درخواست دی ،رول 17اے سرکاری ملازم کی وفات یا بیماری کے باعث ریٹائرمنٹ کی وجہ سے فیملی کی مالی حالات بہتر کرنے کے لیے کسی فیملی ممبر کو ملازمت کا اختیار دیتا ہے ۔
درخواست گزار کا والد 1989میں ڈسٹرکٹ جوڈیشری سے بیماری کی بنیاد پر ریٹائرڈ ہوا ،فیصلے کے 28برس بعد رول 17 اے کی بنیاد پر ملازمت کی درخواست دی۔ فیصلے میں کہا گیا کہ موجودہ کیس میں درخواست گزار اس وقت پیدا بھی نہیں ہوا تھا جب اسکا والد ریٹائرڈ ہوا، 28برس بعد نوکری کی درخواست دینے کی وجہ سے درخواست گزار رول 17اے سے فائدہ لینے کا حق دار نہیں ہے ۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ کیس نمٹنانے سے پہلے عدالت محسوس کرتی ہے ، یہ بات طے ہونی چاہیے کہ کوئی شخص کتنے برس تک رول 17اے کا فائدہ لینے کا حق دار ہے ۔ عدالت رول 17اے میں وقت مقرر کرنے کا معاملہ پالیسی سازوں پر چھوڑتی ہے ، وہ طے کریں کہ ایک سرکاری ملازم کے ریٹائرڈ یا وفات کے کتنے عرصے کے اندراسکے اہلخانہ رول 17 اے سے فائدہ لے سکتے ہیں ۔
شہری امیر حمزہ نے 28 والد کی ریٹائرمنٹ کے 28برس بعد ڈسٹرکٹ جوڈیشری میں بطور جونیئر کلرک تعیناتی کے لیے درخواست مسترد ہونے پر عدالت سے رجوع کیا تھا۔