کھودا پہاڑ نکلا چوہا،فیصلہ عدالت میں چیلنچ کر ینگے:تحریک ا نصاف:پارٹی کیخلاف سپریم کورٹ میں ریفرنس بھیج سکتے ہیں:وفاقی حکومت

کھودا  پہاڑ  نکلا  چوہا،فیصلہ  عدالت  میں  چیلنچ  کر ینگے:تحریک  ا نصاف:پارٹی کیخلاف  سپریم  کورٹ  میں  ریفرنس  بھیج  سکتے  ہیں:وفاقی  حکومت

اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر،دنیا نیوز، نیوز ایجنسیاں)پاکستان تحریک انصاف نے فنڈنگ کیس کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ مسترد کرتے ہوئے اسے اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کردیااور کہا کھودا پہاڑ نکلا چوہا،پابندی کی ہمت الیکشن کمیشن کو بھی نہ ہوئی۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے پہلے قانونی ٹیم سے الیکشن کمیشن کے فیصلے پر قانونی رائے لی، پھر ان کی زیرصدارت بنی گالہ میں  اجلاس ہوا جس میں بابر اعوان، اسد عمر، فواد چودھری، شفقت محمود، شہباز گل اور دیگر نے شرکت کی۔عمران خان نے پارٹی کو الیکشن کمیشن کی جانبداری سے متعلق بیانیہ اجاگر کرنے کی ہدایت کردی جبکہ پی ٹی آئی نے ای سی پی کے خلاف احتجاج کا پلان برقرار رکھتے ہوئے فیصلے میں موجود مبینہ قانونی نقائص کو قوم کے سامنے رکھنے کا اعلان کیا ہے ، اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کی جانب سے کہا گیا کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ بد نیتی پر مبنی ہے ۔

تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے دیگر رہنمائوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کر تے ہوئے الیکشن کمیشن کو پی ڈی ایم کا شراکت دار قرار دیا اور کہا الیکشن کمیشن جانبدار اور سیاسی حریف بن چکا ہے ،جو تفصیلات جمع کرائی گئی تھیں اس کے برعکس فیصلہ دیا گیا، جس کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کریں گے ،عمران خان عوام کے بل بوتے پر سیاست کرتے ہیں اور سیاست کرنے کیلئے پیسہ چاہیے ،عمران خان کہتے ہیں میں طاقتوروں سے پیسہ نہیں لوں گا اور پیسہ بھی عوام سے لوں گا،پاکستان کی معیشت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ترسیل زر پر کھڑی ہے۔

اسی طریقے سے تحریک انصاف کی فنڈنگ میں پاکستان میں رہنے والے بہت عام لوگ پیسہ جمع کر اتے ہیں اور ایک بہت بڑی تعداد بیرون ملک پاکستانیوں کی ہے ،کئی سالوں سے چلنے والے ڈرامے کی نئی قسط پیش کی گئی،پارٹی چیئرمین حلف نامہ نہیں صرف سرٹیفکیٹ دیتا ہے ، بیان حلفی کا کہہ کر سب سے خطرناک سازش کی کوشش کی گئی،ممنوعہ فنڈنگ کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، ن لیگ اور پی پی کے اکائونٹس کی بھی تفصیلات سامنے لا ئی جائیں ، پورا نظام ہل گیا کہ پی ٹی آئی کا مقابلہ کیسے کریں،پابندی لگانے کی تو ہمت الیکشن کمیشن کو بھی نہیں ہوئی۔شاہ محمود قریشی نے کہا وفاقی حکومت کے ہر قدم کا قانونی طریقے سے دفاع کرینگے۔

عمران خان سرخرو ہوئے اور عدالت میں بھی سرخرو ہونگے ، وفاقی حکومت کیس میں فریق ہے ،اچھائی کی کوئی توقع نہیں، پی ٹی آئی پر پابندی کی انکی خواہش دم توڑ گئی، اسامہ بن لادن، لیبیا سے فنڈنگ لینے والوں کا بھی حساب کریں، الیکشن کمیشن دیگر جماعتوں سے بھی جواب لے ، عوام کی اکثریت الیکشن کمیشن پرعدم اعتماد کرچکی، موجودہ الیکشن کمیشن نے انتخابات کرائے تو متنازع ہوجائیں گے ، الیکشن کمیشن کو استعفیٰ دے دینا چاہیے ۔فواد چودھری نے کہا کہ پی ٹی آئی کے علاوہ کوئی جماعت فنڈنگ نہیں کرتی، پی ٹی آئی کے علاوہ تمام جماعتوں نے سیٹھ رکھے ہوئے ہیں، پی ٹی آئی کی زیادہ تو فنڈنگ اوورسیزنے کی اور دیگرجماعتیں اوورسیزکودشمن کیوں سمجھتی ہیں۔

پہلے دن سے ہی ہماراموقف تھا کہ یہ فارن فنڈنگ کا کیس نہیں اور اب تو الیکشن کمیشن نے بھی کہہ دیا کہ فارن فنڈنگ نہیں ہوئی، فیصلے میں کہا گیا ہے کہ 16 اکائونٹ عمران خان کے براہ راست لنک میں نہیں ہیں، ان 16اکائونٹس کاعمران خان کوپتاہی نہیں تھاوہ کیسے ڈیکلیئرکرتے ؟ اب اگلا مرحلہ شروع ہوگا جس میں ہم بتائیں گے کہ 16 اکاونٹس بھی قانونی ہیں، کسی جماعت کو فنڈنگ چھپانے کا حق حاصل نہیں، امید ہے دیگرجماعتوں کی فنڈنگ بھی عوام کے سامنے لائی جائے گی۔بابر اعوان نے کہا الیکشن کمیشن کے فیصلے میں بہت غلطیاں ہیں، ممنوعہ فنڈنگ ثابت ہونے پرالیکشن کمیشن نوٹس جاری کرتا ہے ، الیکشن کمیشن کے نوٹس کوعدالت میں چیلنج کیا جا سکتا ہے ، بیان حلفی اورسرٹیفکیٹ میں فرق ہوتا ہے ، آڈٹ سرٹیفکیٹ کوعمران خان کا بیان حلفی سمجھا جا رہا ہے ، الیکشن کمیشن نے اپنے پائوں پر خود کلہاڑی ماری ہے ، 13 اکا ئونٹس چھپانے کا فیصلہ بھی غلط ہے ،ریاست کے خلاف کام کرنے کیلئے پیسے لینا فارن فنڈنگ ہے۔

نوازشریف نے سعودی عرب سے پیسے لیکر بینظیرکی حکومت گرائی، نوازشریف کے پیسے لینے پراب تک کوئی تحقیقات نہیں ہوئیں، لیبیا سے ٹائروں میں پیسے لائے گئے ، سپریم کورٹ نے کہا تھا تمام جماعتوں کی فنڈنگ چیک کی جائے ، پی ٹی آئی نے رسیدیں جمع کرائیں، پورا ریکارڈ پیش کیا۔شہباز گل نے کہا لیں جی یہ والا بلا بھی تھیلے سے باہر آگیا، یہ فارن فنڈنگ نہیں ممنوعہ فنڈنگ کا کیس ہے ،کھودا پہاڑ نکلا چوہا، یہ والی سازش تو ناکام ہو گئی، اب کچھ نیا شوشہ گھڑیں۔علی محمد خان نے کہا فارن فنڈنگ ثابت نہ ہوسکی، کیا اب کوئی معافی مانگے گا؟ اب ن لیگ، پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتوں سے پوچھ ہوگی،کیا احتساب شفافیت میرٹ، ایمانداری اور انصاف کا ٹھیکہ صرف پی ٹی آئی نے لیا ہوا ہے ؟ ہمارا تو ہوگیا احتساب، الحمدللہ سرخرو ہوئے ، دوسروں کا احتساب کب ہوگا؟فرخ حبیب نے میڈیا سے گفتگو میں کہا پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کا سوچنے والے مایوس ہوگئے ، ہمارے پاس فنڈنگ کا تمام ریکارڈ موجود ہے ، الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو نوٹس جاری کیا ہے ، انہوں نے عدالتی فیصلوں کو نظرانداز کیا، الیکشن کمیشن کے نوٹس کا جواب بھرپور طریقے سے دینگے ، سینیٹر فیصل جاوید نے کہا یہ فارن فنڈنگ نہیں بلکہ حب الوطنوں کی فنڈنگ ہے ۔

اسلام آباد،لاہور (خصوصی نیوز رپورٹر ،وقا ئع نگارخصوصی ،اپنے رپورٹرسے ،سیا سی رپورٹر ،اپنے سیاسی رپورٹر سے )وفاقی حکومت کا کہنا ہے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد تحریک انصاف کیخلاف سپریم کورٹ میں ریفرنس بھیج سکتے ہیں، عمران خان نے آئین کی خلاف ورزی کی، تاحیات نااہل ہونا چاہئے ،وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے ٹویٹ میں کہا پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کا فیصلہ عمران خان پر فرد جرم ہے ، عمران خان نے جھوٹے بیان حلفی جمع کرائے اور غیرقانونی غیرملکی فنڈنگ وصول کرکے آئین پاکستان کی خلاف ورزی کی، وہ ایک بار پھر سرٹیفائیڈ جھوٹا ثابت ہوئے ہیں، قوم کو غیرملکی فنڈنگ کے سیاسی اثرات پر غور کرنا چاہئے ۔وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ نے وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کے ہمراہ پریس کرتے ہوئے کہا ای سی پی کے تین رکنی بینچ کو اپنے اور پوری قوم کی طرف سے دل کی اتھاہ گہرائیوں سے سلام اور خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے تمام تر الزامات اور ریشہ دوانیوں کے باوجود انتہائی حوصلہ اور صبر کا مظاہرہ کرتے ہوئے کام کیا،قانون کہتا ہے وفاقی حکومت الیکشن کمیشن کی رپورٹ کی بنیاد جس میں ثابت ہو کہ کوئی پارٹی ممنوعہ فنڈز وصول کرتی رہی ہے یا دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہے جن میں ملک کی خود مختاری اور سلامتی کے خلاف سرگرمیاں اور دہشت گردی میں ملوث ہونا وغیرہ شامل ہے پر 15 دن میں آفیشل گزٹ میں پارٹی پر پابندی عائد کرنے کے حوالے سے ڈکلیئریشن جاری کرنے کی پابند ہے جو بعد میں سپریم کورٹ دیکھے گی کہ کیا پارٹی کو درست طریقہ سے کالعدم قرار دیا گیا ہے ، یہ وہ پوزیشن ہے جس پر حکومت نے عملدرآمد کرنا ہے ، الیکشن کمیشن کا فیصلہ جو بھی پڑھے گا وہ مطمئن ہو جائے گا اور اس حوالے سے پی ٹی آئی والوں کو بھی علم ہے کہ الیکشن کمیشن نے حقائق واضح کر دئیے ہیں،حکومت کا ضمیر مطمئن ہے۔

ای سی پی کے فیصلہ پر عملدرآمد کیا جائے گا، عدلیہ کا بھی امتحان ہے کیونکہ ماضی میں بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نواز شریف کو تاحیات نااہل کیا جا چکا ہے اور آج کے فیصلہ میں تو اتنی بڑی چوری اور ڈکیتی کی گئی ہے جس کی بنیاد پر عمران خان کو تاحیات نااہل ہونا چاہئے ، پوری قوم اس بات کی امید رکھتی ہے کہ آنے والے دنوں میں معاملات قانون اور آئین کے تحت آگے بڑھیں گے ۔ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا ممنوعہ فنڈنگ کیس کے حوالے سے الیکشن کمیشن نے حقائق کی بنیاد پر فیصلہ دیا ہے ، عمران خان نے ای سی پی کے پاس جھوٹے اور غلط بیان حلفی جمع کرائے ، ایسی چیزیں آئین کی خلاف ورزی ہیں، اس رپورٹ کی بنیاد پر ریفرنس سپریم کورٹ بھیجا جائے گا۔ اعظم نذیر تارڑ نے کہا ایک ایسا شخص جس کی ساری سیاست چور، ڈاکو، منی ٹریل اور سازشوں پر قائم ہے کو پاکستان کے آئینی ادارہ نے کہا ہے آپ کی رسیدیں اور منی ٹریل ملک کے آئین و قانون کے خلاف ہے ، اس کا سیاست میں رہنے کا کوئی جواز نہیں، پاکستان کا آئین و قانون اس کی اجازت نہیں دے گا، الیکشن کمیشن کے فیصلہ کے ایک ایک لفظ پر وزارت پارلیمانی امور، وزارت قانون و انصاف اور وزارت داخلہ تفصیل سے غور کریں گی اور قانون اپنا راستہ لے گا۔

قانون و آئین کے مطابق ممنوعہ فنڈز وصول کرنے والی پارٹی کا حکومت نوٹیفکیشن جاری کرے گی جو سپریم کورٹ میں جائے گا۔ وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے ایک بیان میں کہا چور، جھوٹا فارن فنڈنگ منی لانڈرر آخر آٹھ سال بعد پکڑا گیا۔ عمران خان صادق اور امین نہیں، پارٹی چیئرمین کے عہدے سے فوری استعفٰی دیں، عمران خان پاکستان کے خلاف غیر ملکی سازشی منصوبہ تھا اور ہے ،عمران خان جھوٹا اور جعلساز ہے ، الیکشن کمیشن نے مہر لگا دی ہے ۔ شاہد خاقان عباسی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا عمران خان سب کو چور اور ڈاکو کہتے تھے مگر آج ثابت ہوگیا اس ملک میں سب سے بڑا چور خودعمران خان ہے ،جس نے ڈیڑھ سو کروڑ کی رقم غیر قانونی ذرائع سے حاصل کی، بتایا جائے کہ بھارت اور اسرائیل سے پیسے لے کر کس کی خدمت کی گئی؟ یہ معاملہ 2014 تک کا ہے اس سے آگے کیا ہوا ہوگایہ بھی پتہ لگنا چاہیے ، قانون اپنا راستہ لے گا،قوم اپنا فیصلہ کرلے کیا ایک سازشی شخص کو سیاست کی اجازت ہونی چاہے ؟ اگر اس کیس کا فیصلہ 8 سال بعد آیا ہے تو باقی جماعتوں کے اکائونٹس پر فیصلہ بھی 8 سال بعد آجائے گا۔

سوال تو یہ ہے کہ پی ٹی آئی نے اپنے اکائونٹس کا جواب دیا ہے یا نہیں؟عمران خان اس رپورٹ کا جواب دیدے ، ہم چاہتے تھے حقائق قوم کے سامنے آئیں جو الیکشن کمیشن نے دیدئیے ہیں ہم نے کسی پر الزام نہیں لگایا نہ کسی کو جیل میں ڈالا،اب عمران خان کو جیل میں ڈالا جائے اتنا تو بنتا ہے ،جہاں ہوا حکومت کارروائی کرے گی۔وفاقی وزیر احسن اقبال نے اپنے ٹویٹ میں کہا ثابت ہو گیا جو دوسروں کو چور کہتا تھا خود چور نکلا،جو دوسروں کو امپورٹڈ کہتا تھا خود فارن فنڈڈ ایجنٹ نکلا، کوئی شرم کوئی حیا عمران نیازی جواب دو!، وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد آگے کیسے بڑھنا ہے حکومت طے کرے گی، پی ٹی آئی امریکی پیسوں کے سامنے بھیگی بلی ہے ، سپریم کورٹ کے لئے سیاسی کیس امتحان ہوتے ہیں، ضروری ہے کہ ایسے معاملات کی سماعت فل کورٹ کرے ۔ سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا یہ پاکستان کی تاریخ میں اہم دن ہے ،

فارن فنڈنگ میں عمران خان کے علاوہ پی ٹی آئی کے اور بھی ارکان ملوث ہیں، ہمارا وفاقی حکومت سے مطالبہ ہے کہ وہ اس پر سخت ایکشن لے ۔وزیر دفاع خواجہ آصف نے وفاقی وزیر سردار ایاز صادق کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا دوسروں کو امپورٹڈ کہنے والا خود بیرون ملک سے فنڈز لیتا رہا، دوسروں پر فتوے لگانے والے نے جھوٹے حلف نامے جمع کرائے ،الیکشن کمیشن کا فیصلہ تاریخی اہمیت کا حامل ہے ، اس کے اثرات جلد سامنے آئیں گے ۔اب ادارے عمران خان کا احتساب کریں گے ، نواز شریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر تاحیات نااہل قراردیا گیا۔قانونی ماہرین سے مشاورت کے بعد الیکشن کمیشن کے فیصلے پر مکمل عمل کیا جائے گا۔

ایاز صادق نے کہا یہ تو وہ پیسے ہیں جن کا پتہ چلا ہے ابھی تو ہنڈی کے پیسے کا تو پتہ ہی نہیں۔ شروع سے جانتا ہوں عمران خان کو لوگوں کے پیسے خرچ کرنے کی عادت ہے ۔ یہ چوری کرتے پکڑے گئے اب دیکھنا ہے ان پر آرٹیکل 62 اور 63 لگتا ہے یا نہیں۔ جو کمپنیاں انہیں پیسے دیتی رہیں ان سے بھی پوچھا جائے گا، انہیں کیلی فورنیا کورٹ میں بھی جواب دینا پڑے گا۔وزیرمملکت پٹرولیم ڈاکٹرمصدق ملک نے کہا قانون کے تحت کسی غیر ملکی کمپنی یاشہری سے فنڈز لینے والی سیاسی جماعت تحلیل ہو جائے گی۔ طلال چودھری نے کہا عمران خان پر جرم ثابت ہوچکا ہے اب سزا باقی ہے ،اس جرم کے تحت ان کو تا حیات نا اہلی،عمر قیدکے ساتھ پیسوں کی ضبطگی ہوسکتی ہے ۔ وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ثاقب نثار گروہ کا ڈیکلیئرڈ صادق اور امین عمران خان جھوٹا فراڈیا ثابت ہوگیا ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں