لاپتہ ہیلی کاپٹر کا ملبہ مل گیا، کور کمانڈر کوئٹہ سمیت 6افسروجوان شہید

لاپتہ ہیلی کاپٹر کا ملبہ مل گیا، کور کمانڈر کوئٹہ سمیت 6افسروجوان شہید

راولپنڈی،اسلام آباد،لاہور، (اے پی پی، خصوصی نیوز رپورٹر،سیاسی رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) بلوچستان کے ضلع لسبیلہ سے لاپتہ ہونے والے فوجی ہیلی کاپٹر کے حادثہ میں کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت 6افسرو جوان شہید ہو گئے ۔

 ڈی جی آئی ایس پی آر نے منگل کو اپنے ٹویٹ میں کہا سیلاب کے دوران امدادی سرگرمیوں میں مصروف بدقسمت ہیلی کاپٹر کا ملبہ لسبیلہ کے علاقہ وندر موسیٰ گوٹھ سے مل گیا ہے ، اس حادثہ میں شہید ہونے والوں میں کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی، ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈز میجر جنرل امجد حنیف ، 12 کور کے بریگیڈیئر محمد خالد، پائلٹ میجر سعید احمد ، معاون پائلٹ میجر محمد طلحہ منان اور نائیک مدثر فیاض شامل ہیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ حادثہ موسم کی خرابی کے باعث پیش آیا۔پیر کی رات ڈی جی آئی ایس پی آر نے ایک ٹویٹ میں بتایا کہ اوتھل سے کراچی جاتے ہوئے آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر لاپتہ ہوگیا ہے جس میں کور کمانڈر 12 کور سمیت 6 افراد سوار تھے اور ہیلی کاپٹر سے فلڈ ریلیف آپریشن کا معائنہ کررہے تھے ۔ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا ہیلی کاپٹر کا ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ منقطع ہوگیا جس کی تلاش کا آپریشن جاری ہے ۔

حادثے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے 4 شہدا کی نماز جنازہ آج راولپنڈی کے آرمی قبرستان میں ادا کی جائے گی ۔ نماز جنازہ کا وقت بعد از نماز عصرساڑھے پانچ بجے مقرر کیاگیا ہے ۔جن شہدا کی نماز جنازہ ادا کی جائے گی ان میں لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی،میجر جنرل امجد ، بریگیڈیئر خالد اور میجر طلحہ شامل ہیں۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور بلوچستان میں ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے فوجی افسران اور جوانوں کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ۔ منگل کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے آرمی چیف سے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہدا کیلئے بلندی درجات کی دعا کی اور ان کے اہلخانہ کیلئے اظہارہمدردی بھی کیا۔صدر مملکت نے ملک و قوم کیلئے شہدا کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم کے فرض شناس بیٹے بلوچستان میں سیلاب سے متعلق امدادی کاموں میں مصروف تھے ۔

انہوں نے اپنے فرائض کی ادائیگی اور قوم کی خدمت کیلئے انتہائی جانفشانی ، محنت اور لگن سے کام کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ انہوں نے کہا بے لوث خدمت کے جذبے سے سرشار یہ سپوت قوم کے محسن ہیں ۔ انہوں نے آرمی چیف سے اپنی گفتگو کے دوران ان کے سابقہ دورہ گوادر کے دوران کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سے ملاقات اور ان کی جانب سے دی گئی بریفنگ کا بھی ذکر کیا۔ صدر نے کہا اس بریفنگ کے دوران میں نے انہیں انتہائی قابل ، ذہین اور فرض شناس افسر کے طور پر پایا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے صدر مملکت کو بتایا کہ امدادی سرگرمیوں کے دوران خراب موسم کی وجہ سے حد نگاہ کم ہوئی جس کی وجہ سے ہیلی کاپٹر کو حادثہ پیش آیا۔ آرمی چیف نے مزید کہا ہیلی کاپٹر کا ملبہ حاصل کرلیا گیا ہے اور تمام افسروجوان جام شہادت نوش کرچکے ہیں۔صدر مملکت نے ٹیلی فون پر اپنی گفتگو میں اس خواہش کا اظہار کیا کہ وہ شہدا کے جنازے میں خود شرکت کریں گے ۔

ادھر وزیراعظم شہباز شریف نے کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت پاک فوج کے 6 افسروں اور جوان کی شہادت پر گہرے رنج وغم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا پوری قوم اپنے شہدا کو سلام پیش کرتی ہے ۔ منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا وطن کے یہ بیٹے قوم کا فخر ہیں جنہوں نے اپنی جانیں سیلاب میں گھرے اپنے ہم وطنوں کی جانیں بچانے کے لئے نچھاور کر دیں ۔ وزیراعظم نے کہا لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی اور ان کے ساتھی انسانیت کی خدمت اور فرض کی بجاآوری کی روشن مثال بنے ہیں، لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی بہترین پروفیشنل، فرض شناس اور قابل افسر ہونے کے ساتھ ساتھ انتہائی ایماندار اور اچھے انسان تھے ۔ انہوں نے کہا پوری قوم اس حادثے پر انتہائی مغموم اور افسردہ ہے ، ہم شہدا کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہیں ، پوری قوم شہدا کے اہل خانہ کے غم میں شریک ہے ، اللہ تعالیٰ شہدا کے درجات بلند فرمائے ۔چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے بلوچستان میں ہیلی کاپٹر کے حادثے میں پاک فوج کے افسران اور جوان کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔انہوں نے دعا کی اللہ تعالیٰ غمزدہ خاندانوں کو صبر جمیل اور صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطا فرمائے ۔وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے دعا کی کہ ا ﷲتعالیٰ شہدا کے خاندانوں کو صبر جمیل عطا فرمائے اور یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت اور توفیق دے ،یہ صدمہ ہم سب کیلئے ناقابل برداشت ہے ۔

وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ا ﷲتعالیٰ ہمارے شہیدوں اور قوم کے بہادر بیٹوں کی قربانیوں کے صدقے ہمارے لئے آسانیاں پیدا کرے ۔وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہیلی کاپٹر حادثے میں پاک فوج کے بہادر افسران اور سپاہی کی شہادت کی خبر سن کر سخت صدمہ ہوا۔ پیپلزپارٹی کا ہر کارکن اور سپورٹر المناک حادثے پر ورثا اور پاک فوج کے غم میں برابر کا شریک ہے ۔سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا پوری قوم ہیلی کاپٹر میں سوار پاک آرمی کے افسروں اور جوانوں کے نقصان پر افسردہ ہے ۔ انہوں نے شہدا کی بہادری اور شجاعت کو سلام پیش کیا اور کہا کہ قوم ان شہداکی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی ایماندار شخصیت تھے ۔ہیلی کاپٹر کے حادثے میں شہدا کے اہل خانہ سے تعزیت کرتا ہوں۔تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل وسابق وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہیلی کاپٹر حادثے پر گہرا دکھ ہوا ہے ۔مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے اپنے ٹویٹ میں لکھا افسوسناک ہیلی کاپٹر حادثہ پر دل انتہائی رنجیدہ اور دُکھی ہے ۔

وطن اور فرائض کی راہ میں جانوں پر کھیل جانے والے قوم کے ہیروز کو ہم سب کا سلام !۔ جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا فوجی افسران وجوانوں کی شہادت پر دل رنجیدہ ہوا یہ قومی سانحہ ہے ، پوری قوم پاک فوج کے شہدا کے لواحقین کے ساتھ غم میں شریک ہے ،سیلابی صورتحال میں ملک بھر میں پاک فوج کے جوانوں کی امدادی کارروائیوں میں خدمات قابل تحسین ہیں۔ سابق صدر آصف علی زرداری، وفاقی وزیر ساجد حسین طوری ، رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر مہرین بھٹو اور شیری رحمن نے بھی بلوچستان میں فوجی ہیلی کاپٹر کے حادثے پر اظہار افسوس کیا ۔گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے نکلنے والے فوجی جوانوں کو فرض کی ادائیگی کے دوران شہادت کا عظیم رتبہ پانے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا قوم کو پاک فوج کے شہدا پر فخر ہے ۔وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے کہا شہید لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی اوردیگرفوجی افسروں نے اپنی زندگیاں فرض کی ادائیگی پر قربان کیں۔انہوں نے کہاکہ قوم کو شہدا کی فرض شناسی پر فخر ہے ۔

شہید ہونے والے فوجی افسران قوم کے ہیرو ہیں اورقوم شہید فوجی افسروں کو سلام پیش کرتی ہے ۔ سابق وزیر اعلی ٰ حمزہ شہباز نے کہا جنگ ہو یا امن پاک فوج قوم کی خدمت اور حفاظت میں اپنی جان کی بھی پروا نہیں کرتی، پاک فوج کی زمانہ امن میں بھی اس قربانی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔وفاقی وزیر دفاعی پیداوار اسرار ترین نے کہا یہ قوم کے لیے بہت بڑا سانحہ ہے وطن کے یہ بیٹے قوم کا فخر ہیں۔ہم انہیں سلام پیش کرتے ہیں۔امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے شہید ہونے والے فوجی افسران اور جوانوں کے لیے دعائے مغفرت کی۔ انہوں نے کہا ہیلی کاپٹر واقعہ قومی حادثہ ہے اور اس سے پوری قوم غم ناک ہے ۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں