پرویزالہیٰ کا سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ ،لواحقین میں 8،8 لاکھ کے چیک تقسیم

پرویزالہیٰ کا سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ ،لواحقین میں 8،8 لاکھ کے چیک تقسیم

لاہور (سیاسی رپورٹرسے )وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے جنوبی پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں راجن پور او رڈی جی خان کا دورہ کیا۔سیلاب او ربارشوں سے جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین میں 8،8لاکھ روپے مالی امداد کے چیک تقسیم کئے ۔

وزیر اعلیٰ نے امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیااور متعلقہ حکام کو سیلاب متاثرین کی ہرممکن مدد کی ہدایت کی۔پرویز الٰہی نے سیلاب سے متاثرہ تمام علاقوں کو آفت زدہ قرار دینے اور رود کوہیوں کے راستوں کو چینلائزڈ کرنے کا اعلان بھی کیا۔ پرویز الٰہی نے راجن پور اورڈیرہ غازی خان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے زمینی دورے کے بعد فضائی دورہ بھی کیا۔ پرویز الٰہی نے سیلاب سے متاثر ہ علاقوں کافضائی جائزہ لیا، سیکرٹری آبپاشی نے ان علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دی، پرویز الٰہی نے امدادی سرگرمیوں کو مزید تیزکرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ متاثرہ افراد کوتسلسل کے ساتھ کھانے پینے کی اشیاء کی فراہمی جاری رکھی جائے اور مصیبت میں گھرے بہن بھائیوں کی ہر ممکن مدد کی جائے ۔وزیر اعلیٰ راجن پور کے سیلاب سے متاثرہ علاقے شاہ پورگئے ، ریسکیو آپریشن سینٹر کا دورہ کیا،سیلاب متاثرین سے ملاقات کی۔

پرویزالٰہی نے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت سیلاب سے متاثرہ افراد کے ساتھ کھڑی ہے ۔متاثرہ افراد کی جلد بحالی ہماری پہلی ترجیح ہے ، مصیبت میں گھرے بہن بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔سیلاب کے باعث جن لوگوں کے پیارے دنیا سے چلے گئے ان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔حکومت نے میڈیکل کیمپ بھی قائم کیے ہیں جہاں سیلاب متاثرین کو وبائی امراض سے بچاؤ کی ویکسین لگائی جارہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ مالی امداد کسی کی جان کانعم البدل نہیں۔آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ حکومت سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے ہر ممکن اقدام جاری رکھے گی۔بعدازاں وزیراعلیٰ نے سیلاب سے متاثرہ تونسہ کے علاقے بستی چھٹانی کا دورہ کیا اور سیلاب متاثرین سے ملاقات کی۔وزیر اعلیٰ نے کہاکہ کسی بھی سیلاب زدہ کی حق تلفی نہیں ہونے دینگے۔

نقصانات کا جلد ازالہ کریں گے ، شارٹ ٹرم اور لانگ ٹرم کی منصوبہ بندی کیلئے پی ڈی ایم اے اور دیگر محکمے فوری کام شروع کریں گے ۔ان کا کہنا تھا شہبازشریف صرف باتیں کرتے رہے ، غریبوں کیلئے کچھ نہیں کیا۔ہم بغیر کسی سیاسی وابستگی کے سیلاب متاثرین کی خدمت کریں گے ، سروے کے عمل کو شفاف بنایا جائے گا۔انہوں نے مختص 20 ارب روپے سے متاثرہ علاقوں میں فوری کام شروع کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے کہاکہ شادن لنڈ فوڈ سینٹر اور گندم زیر آب والے واقعہ کی تحقیقات کرائی جائے گی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں