پاکستان لاکھوں شہدا کی قربانیوں کا ثمر ہے: پرویز الٰہی

پاکستان لاکھوں شہدا کی قربانیوں کا ثمر ہے: پرویز الٰہی

لاہور(سیاسی رپورٹرسے )وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے پاکستان کے 75ویں یوم آزادی کے موقع پر قوم کودلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان لاکھوں شہیدوں کی قربانیوں کاثمر ہے ،تحفظ کیلئے باہمی تعاون کوفروغ دینا ہوگا۔

 تحریک پاکستان کے شہداء کی بے مثال قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔یہ دن دھرتی کے ان تمام بہادربیٹوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کاموقع ہے ،جنہوں نے مادر وطن کی سرحدوں کے دفاع اورحفاظت کرتے ہوئے جانیں قربان کیں۔ پرویز الٰہی نے یوم آز ادی کے موقع پر کہا کہ آزاد وطن کا حصول قائداعظمؒ کی شب و روز محنت اور علامہ اقبالؒ کے خواب کی تکمیل ہے ۔ یوم آزادی پرمقبوضہ جموں وکشمیرکے کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔آزادی کی نعمت کے تحفظ کیلئے معاشرے میں باہمی تعاون اور خیر سگالی کو فروغ دینا ہوگا۔آج ہم اس عہد کا اعادہ کرتے ہیں کہ ہم ثابت قدم رہیں گے اورقائداعظم ؒکے بتائے اتحاد،ایمان اورنظم و ضبط کی مشعل کو تھامے ہر چیلنج قبول کریں گے ۔وزیراعلیٰ نے کہا اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وطن عزیز کو بانیان پاکستان کے نظریے کے مطابق تعمیر نو کی ہماری کوششوں کو کامیابی سے ہمکنار کرے ۔ یوم آزادی کا پیغام ہے کہ ذاتی اختلافات ختم کرکے سب وطن عزیز کی ترقی و خوشحالی کیلئے ایک ہوں اورآئیے مل کر پاکستان کو عظیم سے عظیم تر بنانے کا عہد کریں۔ علاوہ ازیں پرویز الٰہی نے کہا ملعون سلمان رشدی کے ساتھ جو ہوا،یہ اس کے گستاخانہ فعل کا نتیجہ ہے ۔

ملعون نے جو شر انگیزی کی وہ ہر مسلمان کیلئے ناقابل برداشت ہے ۔نبی کریمؐ کی ذات اقدس پر ہماری جان بھی قربان ہے ۔ ملعون سلمان رشدی ان منفی قوتوں کا آلہ کار ہے جو مذہب کے نام پر فساد پھیلانے کی سازش کر رہی ہیں۔ خاتم النبیینؐ کا احترام ہر مسلمان کے ایمان کا لازمی حصہ ہے ۔دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب سے کامن ویلتھ گیمز میں سلور میڈل جیتنے والے ریسلرزمان انور، شریف طاہر اور کانسی کا تمغہ جیتنے والے علی اسد نے ملاقات کی۔ پرویز الٰہی نے زمان انور، شریف طاہر کو 10، 10 لاکھ روپے اور علی اسد کو5لاکھ روپے کے انعامات دیئے ۔ اس موقع پر انہوں نے پنجاب میں عالمی معیار کے 3 سپورٹس ارینا بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سپورٹس ارینا گوجرانوالہ، ملتان اور لاہور میں بنائے جائیں گے اور کھلاڑیوں کو عالمی معیار کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی،ریسلرز کو تربیت کیلئے بیرون ملک بھجوانے کا بھی اعلان کرتے ہوئے کہا غیر ملکی کوچز سے تربیت دلوائی جائے گی۔ صوبائی وزیر کھیل ملک تیمور مسعود، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ محمد خان بھٹی، سیکرٹری کھیل، ڈی جی سپورٹس بورڈ پنجاب اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں