معذوروں کو حق سے محروم کرنے پر دو سال قید،قانون منظور
لاہور (کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس جواد حسن کے حکم پر معذور افراد کے حقوق کو قانونی تحفظ دیدیا گیا۔
قانون کے مطابق معذور افراد کو حق سے محروم کرنے پر دو سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانہ ہوگا۔جسٹس جواد حسن نے اظہر صدیق کی درخواست پر قانون بنانے کا حکم دیا تھا جس پر پنجاب حکومت نے قانون اسمبلی سے منظور کرلیا ،قانون کے مطابق معذور افراد کے ساتھ مذاق کرنے والوں کو بھی سزا ہوگی اور معذور افراد الیکشن بھی لڑ سکیں گے جبکہ معذور افراد کے قانون پر عملدرآمد نہ کرنے والوں کے لیے سپیشل کورٹس قائم کی جائیں گی ۔ ایڈووکیٹ اظہر صدیق نے کہاکہ یہ پاکستان کی تاریخ میں پہلا قانون ہے جو معذور افراد کے حقوق کے لیے بنایا گیا۔قانون کے متن میں مزید کہا گیا ہے کہ معذور افراد کو پبلک ٹرانسپورٹ میں خصوصی سہولیات حاصل ہونگی ،اسی طرح وراثتی جائیداد رکھنے سے متعلق معذور افراد کو مکمل حق حاصل ہوگا ۔حکومت پنجاب ایسے انفراسٹرکچر بنائے گی جس میں معذور افراد کی ضرورت کو مدنظر رکھا جائے گا اور معذور افراد کو نوکریاں دینے کے لیے تمام اداروں میں خصوصی کوٹہ مختص ہوگا ۔