خواہش ہے حیدرآباد،کراچی کے میئر پیپلزپارٹی کے ہوں:بلاول
کراچی (سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین ،وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ ایم کیو ایم سے درخواست ہے کہ وہ بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصّہ لے ۔حیدرآباد کا میئر پیپلز پارٹی کا ہوگا، خواہش ہے کراچی کا میئربھی ہمارا ہو۔
اپنے حالیہ بیان میں بلاول بھٹو نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ بلدیاتی انتخابات ہوں تاکہ کراچی اور حیدرآباد ڈویژن میں کام کریں، ایم کیو ایم ایک پرانی جماعت ہے اُسے سیاسی میدان میں اترنا چاہیے ۔اس وقت ہمارا فوکس انتخابات پرہے ۔چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ عوام بڑی تعداد میں باہر نکل کر اپنے ووٹ کے حق کو استعمال کریں اور بلدیاتی نمائندوں کو منتخب کریں۔ بلاول بھٹو نے یہ بھی کہا کہ عمران خان خدمت کی بجائے اپنے ذاتی مفادات کا سوچ رہے ہیں۔ پیپلزپارٹی ایم کیو ایم سے رابطے میں ہے ، چاہتے ہیں کل سب اپنے لوگوں کو نکالیں، جو بھی الیکشن میں کامیاب ہوا پیپلزپارٹی ملکر کام کرے گی، قبل ازیں آصفہ بھٹو زرداری نے کارکنان اور عوام کے نام جاری پیغام میں کہا کہ آپ لوگ باہر نکل کر ووٹ دیں اور بلدیاتی انتخابات میں اپنا فریضہ پورا کریں۔ ادھر دنیا نیوز سے گفتگو میں بلاول بھٹو نے کہا کہ وزیراعظم کو اعتماد کا ووٹ لینا پڑا تو ہم اپنے پورے نمبرز دکھائیں گے ، اس حوالے سے ہمیں کوئی خطرہ نہیں، ہمارا فوکس اس وقت بلدیاتی انتخابات پر ہے ۔