سی ٹی ڈی پنجاب کو جدید ترین ہتھیار اور ٹیکنالوجی دینگے:محسن نقوی
لاہور (سیاسی رپورٹرسے )نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔ دہشت گردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس آپریشنز کے بارے میں ان کو بریفنگ دی گئی۔
انہوں نے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔کاؤنٹر وائلنٹ ایکسٹریمزم بلاک میں بھی گئے ۔ ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے نگران وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی۔ محسن نقوی نے مختلف شعبوں کے سٹاف سے ملاقات کی اور عملے کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔ محسن نقوی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کی سرکوبی میں سی ٹی ڈی پنجاب کا کردار قابل تعریف ہے ۔سی ٹی ڈی پنجاب کی آپریشنل اور انٹیلی جنس استعداد کار بڑھانے کے لئے جدید ترین ہتھیار اور ٹیکنالوجی فراہم کی جائے گی۔ سی ٹی ڈی فورس دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ہمارا ہراول دستہ ہے ۔ انسداد دہشت گردی فورس نے صوبے میں قیام امن کیلئے شاندار کارہائے نمایاں سرانجام دیئے ۔ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے نیٹ ورک کے خاتمے کیلئے ان کی خدمات لائق تحسین ہیں۔دہشت گرد عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے میں سی ٹی ڈی کے افسروں اور جوانوں کے جذبے اور بہادری کو سراہتے ہیں۔قیام امن کیلئے سی ٹی ڈی کے دلیر افسروں نے اپنی جانیں بھی قربان کی ہیں۔ قوم کو پاک دھرتی کے بہادر سپوتوں پر ناز ہے ۔ اپنی جانوں کی پروا کئے بغیر دہشت گردوں کے خلاف برسرپیکار سی ٹی ڈی کے افسر اور اہلکار ہمارے ہیرو ہیں۔
انہوں نے سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹر زکے لان میں موسم بہار کی شجرکاری کا پودا بھی لگایا۔ علاوہ ازیں نگران وزیراعلیٰ کی زیر صدارت پی ایس ایل سکیورٹی انتظامات سے متعلق فالواپ میٹنگ ہوئی۔اجلاس میں پی ایس ایل کے لاہوراورراولپنڈی میں ہونے والے میچوں کے لئے کیے جانے والے سکیورٹی انتظامات کاتفصیلی جائزہ لیاگیا۔ ملتان کی طرح راولپنڈی کے کیمروں کو بھی سیف سٹی لاہور سے لنک کرنے کی ہدایت کی۔محسن نقوی نے کہا کہ پی ایس ایل کے لئے 4درجاتی سکیورٹی حصاربنایا جائے گااورملتان کی طرح لاہور اورراولپنڈی کے میچوں کیلئے بھی فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے ۔انہوں نے ہدایت کی کہ پی ایس ایل کے روٹس پر سکیورٹی کویقینی بناتے ہوئے ٹریفک کی بندش کا دورانیہ کم سے کم رکھا جائے ۔انہوں نے کہا کہ ٹیموں کی آمدورفت کے دوران شہریوں کو متبادل روٹس سے باقاعدہ آگاہ رکھنے کے لئے موثر تشہیری مہم چلائی جائے ۔محسن نقوی نے سکیورٹی انتظامات کی موثر مانیٹرنگ کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام متعلقہ ادارے آپس میں بہترین کو آرڈینیشن رکھیں۔نگران وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایاگیا کہ لاہورمیں گلبرگ کالج میں شائقین کرکٹ کیلئے پارکنگ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ معذور اوربزرگ افراد کیلئے کالج سے سٹیڈیم تک شٹل سروس چلائی جائے گی۔پورے روٹ پرلائٹس لگانے کے انتظامات کیے جارہے ہیں۔ راولپنڈی میں 160کیمروں کی مدد سے پورے روٹ اورسٹیڈیم کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔