شانگلہ: پولیس چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کا حملہ، 2 اہلکار شہید، 3 زخمی

شانگلہ: (دنیا نیوز) شانگلہ میں فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں نے پولیس چیک پوسٹ پر حملہ کر کے 2 اہلکاروں کو شہید کر دیا۔

پولیس کے مطابق دہشتگردوں نے راکٹ لانچر سے گنانگر پولیس چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا، دہشت گردوں کے حملے میں اے ایس آئی سمیت 2 اہلکار شہید اور محرر سمیت 2 زخمی ہوئے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ شہید اہلکاروں میں اے ایس آئی حسن خان اور ہیڈ کانسٹیبل نثار خان شامل ہیں، زخمی اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ضلع شانگلہ میں پولیس چوکی پر فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور فائرنگ سے جام شہادت نوش کرنے والے 2 پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

محسن نقوی نے اے ایس آئی حسن خان اور ہیڈ کانسٹیبل نثار خان کی شہادت پر دکھ و افسوس کا اظہار اور شہداء کے خاندانوں سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کا اظہار کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں