سندھ ہائیکورٹ کا 26 ویں آئینی ترمیم کیخلاف درخواست پر سماعت سے انکار
کراچی: (دنیا نیوز) سندھ ہائیکورٹ نے 26 ویں آئینی ترمیم کیخلاف سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی درخواست پر سماعت سے انکار کردیا۔
سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس جنید غفار نے 26 ویں آئینی ترمیم کیخلاف سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے ایڈووکیٹ معیز جعفری عدالت پیش ہوئے۔
دوران سماعت جسٹس جنید غفار نے ریمارکس دیئے کہ ہم نے کہا تھا فوری نوعیت کا معاملہ ہوا تو سنیں گے ورنہ جرمانہ لگائیں گے، جس بنچ میں کیس لگا تھا اور جس بنچ نے اجازت دی تھی وہی بنچ سنے گا۔
ایڈووکیٹ معیز جعفری نے عدالت کو بتایا کہ متعلقہ بنچ دستیاب نہیں ہے جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ پیر کو آپ متعلق بنچ کے روبرو پیش ہوسکتے ہیں، ایڈووکیٹ معیز جعفری نے عدالت کو بتایا کہ 21 دسمبر کو جوڈیشل کمیشن کا اجلاس ہے۔
بعدازاں عدالت عالیہ نے 26 ویں آئینی ترمیم کیخلاف درخواست پر سماعت غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے 26 آئینی ترمیم کو سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا۔