وطن سے محبت ایمان کا حصہ، ہمیں اتحاد کی اشد ضرورت ہے، مولانا عبدالخبیر آزاد

پشاور: (دنیا نیوز) چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا ہے کہ پاکستان جن چیلنجرز سے گزر رہا ہے اس میں ہمیں اتحاد کی اشد ضرورت ہے، وطن سے محبت ایمان کا حصہ ہے۔

پشاور میں پیغام امن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ پاکستان اللہ تعالیٰ کی نعمت عظمٰی ہے، جو کردار ہمارے بزرگوں نے پاکستان کو بنانے کے لئے ادا کیا وہ ہمیں بچانے کےلئے کرنا ہوگا۔

مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ کرم سمیت دیگر واقعات میں سکیورٹی فورسز،عام لوگوں نے جانوں کے نذرانے پیش کئے انہیں سلام پیش کرتے ہیں، خیبرپختونخوا ، بلوچستان، پنجاب، سندھ، گلگت بلتستان ،آزاد جموں کشمیر یہ سب ایک پاکستان ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیغام پاکستان کے فتویٰ کو ہر گھر کی آواز بنائیں، دہشت گردی، فرقہ واریت کو پیغام امن فتویٰ میں حرام قرار دیا ہے، حکومت اور علما کرام کے مابین مذاکرات کا جلد نتیجہ نکلے گا۔

مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ آج ہماری افواج کے جوان پاکستان میں امن کے استحکام کےلئے جانیں دے رہے ہیں، ہمیں بھی پاکستان میں امن و امان کے لئے کردار ادا کرنا ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں