خوراک کی کمی نہیں پھر مرغی مہنگی کیوں ؟ عوام کو تنگ کرنیوالوں سے نرمی نہ برتی جائے : وزیراعظم

خوراک  کی کمی  نہیں  پھر مرغی  مہنگی  کیوں  ؟  عوام  کو  تنگ کرنیوالوں  سے  نرمی  نہ  برتی  جائے  : وزیراعظم

اسلام آباد(سیا سی رپورٹر)وزیراعظم شہباز شریف نے سستے رمضان باز ار لگانے اورذخیرہ اندوزوں کیخلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کی ہدایت کر تے ہوئے کہا کہ اشیائکی طلب، رسد اور قیمتوں میں گڑ بڑ ہوئی تو متعلقہ علاقوں کے افسران کے خلاف کارروائی ہوگی۔

روزہ داروں کو تنگ کر نیوالوں کو سبق سکھائیں، وزیر اعظم نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا خوراک کی کمی نہیں تو پھر مرغی کی قیمت میں اضافہ کیوں؟ جو عوام کو تنگ کرے ، قانون اسے گرفت میں لے ،کوئی نرمی نہ برتی جائے ۔ماہ مقدس میں موبائل یوٹیلیٹی سٹورز قائم کریں، رمضان بازار میں قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لئے جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جائے ۔ رمضان المبارک کے دوران بنیادی اشیا ئے خور د و نوش کی دستیابی اور ان کی قیمتوں میں استحکام یقینی بنانے کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وفاق اور صوبوں میں ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فری ہینڈ دے دیا گیا ہے ۔ ناجائز منافع خوری، ذخیرہ اندوزی اور زائد نرخ لینے والوں کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے گی۔وزیر اعظم نے کہا کہ رمضان المبارک سے قبل گوداموں، دکانوں اور منڈیوں میں آپریشن کلین اپ کریں۔سیلاب، معاشی مشکلات میں پھنسے عوام سے رمضان میں جوزائد قیمت لے اس سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں۔وزیراعظم نے وفاقی حکومت کووزرائے اعلٰی کے ساتھ مل کر رمضان میں اشیائکی فراوانی اور قیمتوں پرکنٹرول کا ٹاسک دے دیا اور ہدایت کی عباد ت کے مہینے میں جو روزے داروںکو تنگ کرے ، اسے قانون کی طاقت سے سبق سکھائیں۔عوام پر مہنگائی کا بوجھ بڑھانے والے منافع خوروں کو پکڑیں اور قانون کا سبق پڑھائیں۔ ملک میں گندم سمیت اشیائے خور دو نوش کی کہیں بھی کوئی قلت نہیں۔ملک بھر میں یوٹیلیٹی سٹورز پرمعیاری اشیائکی فراہمی یقینی بنا ئی جا ئے ۔ ماہ مقدس میں موبائل یوٹیلیٹی سٹورز قائم کریں، سحر اور افطار میں روزہ داروں کی دعائیں لیں۔ علاوہ ازیں ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کیلئے پاکستان کی طرف سے جاری امدادی کارروائیوں پر جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ترکیہ میں سردی سے بچاؤ کیلئے خیموں کی بقایا کھیپ کی تیاری و ترسیل 23 مارچ تک مکمل کی جائے .ترکیہ میں سردی سے بچاؤ کے خیمے فضائی راستے سے بھیجے جائیں، نئے خیموں کے معیار کو نظر انداز کئے بغیر کم سے کم نرخوں پر تیار کیا جائے ،ترکیہ میں بھیجے جانے والے خیموں کا معیار جانچنے کیلئے تھرڈ پارٹی ویری فکیشن یقینی بنائی جائے ۔وزیرِ اعظم نے کسٹم حکام کو امدادی سامان کی فوری ترسیل کیلئے ہوائی اڈوں پر خصوصی انتظامات کی ہدایت کی ہے ۔ تعلیمی اداروں میں ترکیہ اور شام کے زلزلہ زدگان کیلئے فنڈ ریزنگ کو مزید تیز کیا جائے ۔علاوہ ازیں شہباز شریف سے مشیرِ وزیرِ اعظم امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ اور گلگت بلتستان کے گورنر سید مہدی شاہ نے ملاقات کی ۔وزیرِاعظم نے گلگت بلتستان کے حل طلب مسائل فوری طور پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔وزیر اعظم نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے مل کر کام کرینگے ۔ وزیراعظم سے ممبران قومی اسمبلی محمد خان ڈاہا اور افتخار نذیر چودھری نے الگ الگ ملاقات کی ہے ۔ سابق رکن اسمبلی تہمینہ دولتانہ اور عرفان دولتانہ نے بھی ملاقات کی ۔ وزیر اعظم نے اٹلی میں کشتی حادثے میں دودرجن سے زائد پاکستانیوں کے ڈوبنے کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے دفتر خارجہ کو ہدایت کی کہ جلد حقائق سے قوم کو آگاہ کیا جا ئے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں