ڈرامہ نگار ، دانشور شعیب ہاشمی انتقال کرگئے
لاہور، اسلام آباد (سپیشل رپورٹر ،سیاسی رپورٹر، نیوز ایجنسیاں) معروف دانشور، استاد ، ڈرامہ نگار اور شاعر فیض احمد فیض کی صاحبزادی سلیمہ ہاشمی کے شوہر شعیب ہاشمی انتقال کرگئے۔
شعیب ہاشمی کے صاحبزادے عدیل ہاشمی نے بتایا کہ والد کافی عرصے سے بیمار تھے۔ پاکستان میں ٹیلی ویژن کے ابتدائی دورمیں شعیب ہاشمی کے پروگرام زبردست مقبول ہوئے۔ مرحوم گورنمنٹ کالج لاہور میں درس و تدریس سے بھی وابستہ رہے ،شعیب ہاشمی مشہورٹی وی پروگرامز اکڑبکڑ،سچ گپ،ٹال مٹول اور بائو ٹرین کے خالق تھے ۔وزیراعظم شہبازشریف نے شعیب ہاشمی کے انتقال پر رنج وغم اور افسوس کا اظہار کیا ہے ،وزیراعظم نے منیزہ ہاشمی،سلیمہ ہاشمی اور دیگر اہل خانہ سے شعیب ہاشمی کی وفات پر اظہار ہمدردی کیا اور کہا کہ شعیب ہاشمی نے پی ٹی وی کے سنہری دور میں اہم کردار ادا کیا ۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شعیب ہاشمی کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطافرمائے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے اپنے تعزیتی پیغام میں شعیب ہاشمی کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شعیب ہاشمی نے ڈرامہ نگاری کو نئی جہت عطا کی۔ صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عامر میر نے شعیب ہاشمی کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ شعیب ہاشمی نے بحیثیت ڈرامہ نویس اور اداکار ہمیشہ اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔وہ ایک ہمہ گیر شخصیت اور عظیم فنکار تھے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments