صرف ٹویٹر ہینڈل پی ٹی آئی کا ترجمان :مریم اورنگزیب
اسلام آباد (سیاسی رپورٹر، این این آئی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ بیرون ملک چیئرمین تحریک انصاف کے پراکسیز موجود ہیں۔
اس وقت تحریک انصاف کا کوئی ترجمان نہیں، صرف ٹویٹر ہینڈل ترجمان ہے ، 9 مئی کی توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے گی، فراڈ، سازشی، فتنہ، فسادی ٹولہ ملک اور عوام کو لوٹ کر چلا گیا۔ آج سانحہ 9 مئی کا ماسٹر مائنڈ پوچھ رہا ہے کہ 9 مئی کے واقعات کا فائدہ کس کو ہوا؟ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہاکہ فارن ایجنٹ نے ٹویٹ میں بھی کچھ سوالات اٹھائے ہیں، فارن ایجنٹ کے مطابق ان کی جماعت پاکستان کی سب سے بڑی جماعت ہے ، اس جماعت کا کوئی ترجمان نہیں، ان کا ترجمان ٹویٹر ہینڈل ہے ۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ آج کل تحریک انصاف کا کوئی ترجمان نہیں، کوئی بھی شخص اپنا چہرہ اس فتنے اور فسادی کے لئے سامنے لانے کو تیار نہیں۔ عوام کی روزی روٹی تباہ کی، معیشت تباہ کی، یہ شخص جھوٹا اور ذہنی مریض ہے ، اس کا مرض لا علاج ہے ۔ فتنے کے کہنے پر دوسروں کو چور کہنے والے لوگ آج نواز شریف کی اچھائی کی گواہیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ملک سے باہر بیٹھا اس فسادی کا ٹولہ اداروں کے خلاف مہم جوئی کرتا ہے ، اس ٹولے نے لسبیلہ ہیلی کاپٹر کے شہداء کے خلاف مہم جوئی کی، آرمی چیف، اہم شخصیات کے خلاف خطرناک سوشل میڈیا مہمات چلائیں۔ اداروں کے خلاف سوشل میڈیا پر مذموم مہم چلائی جا رہی ہے ، یہ تمام لوگ اس فارن ایجنٹ، جھوٹے اور فراڈیے کے پراکسیز ہیں۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ میں واضح کرنا چاہتی ہوں کہ ایسی حرکتوں سے اگر کوئی نقصان ہوا تو اس کا ذمہ دار یہ شخص ہوگا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments