مہنگی پٹرولیم مصنوعات ،جماعت اسلامی کا کل ملک گیر احتجاج کا اعلان:اضافہ فوری واپس لیا جائے،سراج الحق

مہنگی  پٹرولیم  مصنوعات ،جماعت  اسلامی  کا  کل  ملک  گیر  احتجاج  کا  اعلان:اضافہ  فوری  واپس  لیا  جائے،سراج  الحق

اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے ) مہنگی پٹرولیم مصنوعات کیخلاف جماعت اسلامی نے کل(بروز جمعہ 18اگست کو )ملک گیر احتجاج کااعلان کردیا،اپنے ردعمل میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ پٹرولیم قیمتوں میں بھاری اضافہ مسترد کرتے ہیں حکومت فوری واپس لے۔

نگران سابقہ حکومتی اقدامات کی توثیق میں مصروف ،آئی ایم ایف کے ایما پر غریب عوام کو نشانہ بنایا جارہا،نام نہاد جمہوری حکومتیں،مارشل لا مسائل کا حل نہیں،جڑانوالہ واقعہ قابل مذمت، شفاف تحقیقات کی جائیں،انہوں نے مزید کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمتوں میں یکمشت 20روپے اضافہ ظلم کی انتہا ہے ، غریبوں میں مہنگائی کا مزید بوجھ برداشت کرنے کی سکت نہیں۔ قوم اپنے حق کے لیے آواز بلند کرے اور جماعت اسلامی کے پرامن احتجاج کا حصہ بنے ۔ جڑانوالہ میں ہونے والے پرتشدد واقعات کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی کسی مذہب کے مقدسات جلانے اور ان کی بے حرمتی کی اجازت نہیں دی جا سکتی، سازش کے تحت ملک کے امن کو برباد کیا جا رہا ہے ، وفاقی و صوبائی نگران حکومتیں اور سکیورٹی ادارے اپنی ذمہ داری پوری کریں۔سراج الحق نے کہا کہ نگران حکومت سے توقع تھی کہ گزشتہ پانچ برس کے ظالمانہ اقدامات کے ازالہ کے طور پر مہنگائی میں کمی کر کے پسے ہوئے عوام کو ریلیف دے گی مگر یوم آزادی کے ایک روز بعد ہی عوام پر پٹرول بم گرا دیا گیا۔ 98فیصد عوام کے وسائل پر دو فیصد اشرافیہ قابض ہے ، ماضی کے حکمرانوں نے قرضے لے کر خود ہڑپ کر لیے اور ادائیگی کے لیے قوم کا خون نچوڑا۔ ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ حکمران اپنی مراعات کم کرتے ، مفت پٹرول، بجلی اور گیس کے استعمال پر پابندی لگتی اور ملک کے وسائل عوام پر خرچ ہوتے ، مگر 75سالہ تجربات سے یہ ثابت ہو چکا ہے کہ ایوانوں میں براجمان ظالم جاگیردار اور کرپٹ سرمایہ دار جو نسل در نسل حکمرانی کے مزے لیتے آ رہے ہیں کو قوم کی فلاح و بہبود سے کوئی غرض نہیں۔ نام نہاد بڑی سیاسی جماعتوں کو ایک بار نہیں بار بار اقتدار ملا اور انھوں نے ہر دفعہ عوام سے دھوکا کیا، حکمرانوں نے دولت کے انبار اکٹھے کیے ، بیرون ممالک جائیدادیں بنائیں، قوم کو ووٹ کی طاقت کا درست استعمال کرنا ہو گا، اسی سے ہی ملک کو اہل اور ایماندار قیادت میسر آئے گی۔ عوام کے پاس جماعت اسلامی کی صورت میں بہترین آپشن ہے ۔ جماعت اسلامی اقتدار میں آ کر سودی معیشت کا خاتمہ کرے گی، عدالتوں میں قرآن کا نظام لائیں گے ، وسائل کو قوم کی بہتری اور ملک کی ترقی کے لیے استعمال کیا جائے گا، ظالموں، لٹیروں کا کڑا احتساب ہو گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں