پنجاب میں کوئی سکول پرائیویٹائز نہیں کیا جائے گا:محسن نقوی
لاہور، ملتان،راولپنڈی (سیاسی رپورٹر سے ، لیڈی رپورٹر ،نیوزرپورٹر)چلڈرن ہسپتال لاہور کی میڈیکل ایمرجنسی کے گراؤنڈ فلور میں 48 گھنٹے کے اندر 36 بیڈز کا اضافہ کردیا گیا۔ وزیر اعلٰی پنجاب محسن نقوی نے رات گئے چلڈرن ہسپتال اور صبح تھانہ سمن آباد کا دورہ کیا۔
چلڈرن ہسپتال کے گراؤنڈ فلور پر میڈیکل ایمرجنسی، فرسٹ فلور پر نئے بچہ وارڈ اور زیر تعمیر ایمرجنسی کا معائنہ کیا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ایمرجنسی میں بیڈز کی تعداد150تک بڑھائی جائے گی۔وزیر اعلی ٰنے نئے بچہ وارڈ میں ایک بیڈ پر 3،3 بچوں کی موجودگی اور صفائی کے ناقص انتظامات پر ناراضگی کا اظہارکیا۔ہسپتال انتظامیہ کو بیڈز مینجمنٹ کی ہدایت کی اورصفائی انتظامات کو بہتر بنانے کا حکم دیا۔محسن نقوی نے تھانہ سمن آباد کے دورہ کے دوران تھانے کا ریکارڈ چیک کیا اور مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔وزیراعلیٰ نے سائلین کی درخواستوں پربلا تاخیر ایف آئی آر کے اندراج کاحکم دیا۔ نگران وزیراعلیٰ اچانک ملتان پہنچ گئے اورنشتر ہسپتال ٹو کا دورہ،آوٹ ڈو ر، زیرتعمیر ایمرجنسی،ویٹنگ ایریا،ایڈمن بلاک اور ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ کا معائنہ کیا۔ فارمیسی، آپریشن تھیٹرز، سی ٹی سکین اور بیسمنٹ کا بھی وزٹ کیا۔محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا نشتر ٹومیں او پی ڈی اور دیگر وارڈز چل رہے ہیں،31دسمبر تک نشتر ٹو پراجیکٹ مکمل کر لیاجائیگا۔جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو مکمل کرایاجائے گا۔نگران وزیراعلیٰ پنجاب نشتر ٹو سے نشتر ہسپتال جاتے ہوئے شجاع آباد روڈ پر بھٹہ خشت سے نکلتا کالا دھوا ں دیکھ کر رک گئے ۔اینٹوں کے بھٹے پر خود گئے اور مزدوروں سے دریافت کیا۔ سموگ کے سدباب کے اقدامات پر عملدرآمد نہ کرنے پر سخت برہمی کااظہار کیا۔محسن نقوی نے سموگ کا سبب بننے والا دھواں چھوڑنے والے بھٹے سیل کرنے حکم دیا اور کہا زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر چلنے والے تمام بھٹے سیل کردئیے جائیں ۔ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ملتان کے بعد راولپنڈی کا 3 گھنٹے طویل دورہ کیا۔وزیر اعلٰی بے نظیر بھٹو شہید ہسپتال راولپنڈی پہنچ گئے اوراپ گریڈیشن کے کام کا جائزہ لیا۔ میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ پنجاب میں کوئی سکول پرائیویٹائز نہیں کیا جائے گا۔سکولوں کی نجکاری کا کوئی ارادہ نہیں نہ ہی اس پر کوئی میٹنگ ہوئی۔سکولوں کو پرائیویٹ کرنے کی افواہ لوگ اپنے مفاد کیلئے اڑارہے ہیں۔ہولی فیملی ہسپتال کی تعمیرومرمت کا کام جلد شروع ہوجائے گا۔ دریں اثنا غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو 31 اکتوبر تک پنجاب چھوڑنے کا حکم دے دیاگیا اور واضح کردیا گیا کہ ڈیڈ لائن گزرنے کے بعد غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف کریک ڈاؤن ہو گا۔نگران وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اہم اجلاس میں 9مئی کے واقعات میں ملوث ملزموں کے خلاف درج کیسز کے چالان کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں یکم نومبر سے پنجاب میں غیر قانونی طور پرمقیم غیرملکیوں کے خلاف کارروائی کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ سے لاہور میں تعینات ترکیہ کے قونصل جنرل درمش باشتو نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امورپر تبادلہ خیال کیا گیا۔