محسن نقوی کی زیرصدارت اجلاس:پنجاب میں سرمایہ کاروں،صنعتکاروں کیلئے سہولیات کا جائزہ کمیٹیاں تشکیل
لاہور(سیاسی رپورٹرسے ،اے پی پی)نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت وزیر اعلیٰ آفس میں ون ونڈو آپریشن کے قیام کے حوالے سے خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں لاہور میں سرمایہ کاروں اور صنعتکاروں کیلئے ون روف،ون سٹاپ سلوشن پر تجاویز کاجائزہ لیا گیا۔
صوبائی وزیر صنعت وتجارت ایس ایم تنویر،چیف سیکرٹری، سیکرٹریز انڈسٹریز،خزانہ،ماحولیات،لوکل گورنمنٹ، ہاؤسنگ ، جنگلات،ڈی جی ایل ڈی اے ،چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ، چیف ایگزیکٹو آفیسر فیڈمک اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ فیڈمک،پیڈمک اورپنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن ون ونڈو آپریشن سنٹر میں سروسز فراہم کریں گے ۔لوکل گورنمنٹ، ماحولیات، ہاؤسنگ اوردیگر محکموں کے بااختیار افسران ون ونڈو سنٹر میں موجود ہوں گے ۔ لیسکواورسوئی گیس کے کاؤنٹر بھی ون ونڈو سنٹر میں قائم کئے جائیں گے ۔ ون ونڈو سنٹر میں اراضی انتقال، نقشہ پاس کرنے او رماحولیات کے این او سی کی سہولت میسر ہوگی۔ ون ونڈوسنٹر کے کاؤنٹر کے افسران درخواست دہندگان کا فارم خود پرکریں گے ۔ ون ونڈو سنٹر پر آپریشن 5مراحل میں مکمل کردیاجائے گا۔ 10دن کے اندر کارروائی مکمل نہ ہونے پر متعلقہ سیکرٹری کے ڈیش بورڈ پر سرخ نشان نمودار ہوگا۔ ون ونڈو سنٹر کے لئے آپریشنل ریویو کمیٹی اور سٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دیدی گئی ۔ دریں اثنا وزیر اعلیٰ پنجاب نے کوئٹہ میں کانگو وائرس کے باعث نوجوان ڈاکٹر شکر اللہ کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تعزیتی پیغام میں متوفی ڈاکٹر شکر اللہ کے خاندا ن سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ۔محسن نقوی نے کہا کہ ڈاکٹر شکر اللہ نے اپنی جان دے کر دکھی انسانیت کی خدمت کی مثال قائم کی ،کانگو وائرس کے مریضوں کے علاج میں مصروف تمام ڈاکٹرز کو سلیوٹ کرتا ہوں، اپنی جان کی پروا کئے بغیر دکھی انسانیت کی خدمت میں مصروف ڈاکٹرز پر قوم کو فخر ہے ۔