ہائیکورٹ :نگران وزیراعظم کو ہٹانے کی درخواست خارج

 ہائیکورٹ :نگران وزیراعظم کو ہٹانے کی درخواست خارج

لاہور (کورٹ رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ نے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کردی۔

نگران وزیراعظم کو عہدے سے ہٹانے کے لیے دائر درخواست پر جسٹس شاہد بلال حسن نے سماعت کی۔عدالت نے کہا کہ نگران وزیراعظم کو ہٹانے کی درخواست ناقابل سماعت ہے ۔درخواست میں کہا گیا تھا کہ نگران وزیراعظم کی تقرری 90 روز کی مدت مکمل ہونے کے بعد غیر مؤثر ہو چکی ۔قبل ازیں لاہور ہائیکورٹ نے نگران وزیراعظم اور وزرا کو انکے عہدوں سے ہٹانے کیلئے درخواست کے قابلِ سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا جس کو بعد میں سنا دیا گیا ۔جسٹس شاہد بلال حسن نے ریمارکس دیئے کہ ایسی درخواستوں کی پذیرائی نہیں ہونی چاہئے ۔جسٹس شاہد بلال حسن نے استفسار کیا کہ کیا عدالت نگران وزیراعظم کو اس طرح کا حکم دے سکتی ہے ؟ سرکاری وکیل نے آگاہ کیا کہ اس طرح کی درخواست جسٹس رضا قریشی مسترد کر چکے ہیں، عدالت نے واضح کیا کہ وہ نگران وزیر اعلیٰ کے بارے میں زیر سماعت ہے ، درخواست گزار کے اس بابت سپریم کورٹ کا فیصلہ آچکا ہے ،عدالت نے ریمارکس دیئے کہ سپریم کورٹ کے حکم پر الیکشن تاریخ کا اعلان ہو چکا ہے نگران وزیراعظم بھی الیکشن کرانے کی یقین دہائی کرا چکے ہیں ،عدالت نے وکیل درخواست گزار سے استفسار کیا کہ آپ نے سپریم کورٹ میں پٹیشن کیوں دائر نہ کی؟ ایڈووکیٹ محمد مقسط نے بتایاکہ یہ معاملہ انتہائی سنجیدہ ہے بی بی سی نے بھی اس معاملہ پر سوال اٹھایا ہے؟ جسٹس شاہد بلال حسن نے بی بی سی کا ذکر کرنے پر برہمی کا اظہار کیا اور ریمارکس دئیے کہ آپ آئین اور قانون کی بات کریں کیا یہ آپ نے تیاری کرکے پٹیشن دائر کی ؟ ۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل نصر احمد نے درخواست کی مخالف کی۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایاکہ درخواست قابل سماعت نہیں اس طرح کا معاملہ جسٹس عابد عزیز کے پاس زیر سماعت ہے ،نگران حکومت نئی حکومت آنے تک کام کرتی ہے، سرکاری وکیل کا مزید موقف تھا کہ ملک کو وزیراعظم کے عہدے کے بغیر چھوڑا نہیں جا سکتا ۔درخواست میں استدعا تھی کہ عدالت نگران وزیراعظم اور وزرا کو ہٹانے اور کام کرنے سے روکنے کا حکم دے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں