لاہور کے22تھانے جلد تعمیر ہونگے،9ہزار پولیس اہلکاروں کی بھرتی ہورہی:محسن نقوی

لاہور کے22تھانے جلد تعمیر ہونگے،9ہزار پولیس اہلکاروں کی بھرتی ہورہی:محسن نقوی

لاہور (سیاسی رپورٹر سے )وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے رات گئے تھانہ ہنجر وال کی نئی عمارت کا افتتاح کر دیا۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ تھانہ میں آرام دہ صوفے ، کرسیاں، صاف ستھرا ماحول، یونیفارم میں ملبوس عملہ ہو گا ، 7 ماہ میں 3 منزلہ نیا تھانہ تعمیر کیا گیا ۔

محسن نقوی نے تھانہ ہنجروال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیااور فرنٹ ڈیسک کا جائزہ لیا۔ویٹنگ،ایس ایچ او روم، آئی ٹی روم اور میٹنگ روم کا معائنہ کیا۔دروازوں کی کوالٹی بہتر بنانے کی ہدایت کی۔حوالات میں بند ملزمان سے ان کے کیسز کے بارے پوچھا۔سائلین کے لئے بہترین سہولتوں کی فراہمی کے اقدام کو سراہا۔انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے تھانہ ہنجروال کی تعمیر اور سائلین کے لیے فراہم کردہ سہولتوں کے بارے میں بریفنگ دی۔محسن نقوی نے تھانہ ہنجرال کی نئی عمارت کے افتتاح کے بعد میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب بھر میں 737 تھانوں کی اپ گریڈیشن کا کام جا ری ہے ۔صوبے کے ہر تھانے کی اپ گریڈیشن ہوگی اور کسی بھی تھانے کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔ہر تھانے میں فرنٹ ڈیسک، ایس ایچ او روم، انویسٹی گیشن او رویٹنگ روم کو بہتر کیا جارہاہے ۔لاہور میں 22نئے تھانے بنائے جا رہے ہیں۔محکمہ تعمیرات ومواصلات پر کام کا کافی دباؤ ہے ۔امید ہے کہ لاہور کے 22نئے تھانے جلد تعمیرہوں گے ۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کی سربراہی میں کمیٹی قائم ہے ،جو 16 اضلاع میں سیف سٹی پراجیکٹس کو مزید توسیع دے گی۔ماضی میں بڑے ایونٹس کے لئے کیمروں کی مد میں ایک ارب روپے کرایہ دیا جاتاتھا لیکن اب کیمرے لگنے سے اس رقم کی بچت ہوگی۔تھانوں کی حالت بھی بہتر ہورہی ہے اور تھانہ کلچر بھی تبدیل ہورہاہے پولیس کے حوالے سے اچھا فیڈ بیک مل رہاہے پولیس کے تاثر میں بہتری آئی ہے ۔سائلین تھانے کے حوالے سے کیو آر کوڈ پر اپنا فیڈ بیک دے سکتے ہیں۔صرف لاہور میں ہی نہیں پنجاب کے 737تھانے اپ گریڈ کررہے ہیں۔ری ویمپنگ، اپ گریڈیشن اور دیگر پراجیکٹس وقت پر مکمل کرلیں گے ،جو بھی وزیراعلیٰ آئے گا بہتر کام کرے گا۔9ہزار کے قریب پولیس اہلکاروں کی مزید بھرتی کی جارہی ہے ۔کچے کے علاقے میں پوری ٹیم کے ساتھ وزٹ کیا ہے ، ڈاکوؤں کے گینگ کا خاتمہ کریں گے ۔کچے کے علاقے کی ترقی کے لئے علیحدہ پیکیج ترتیب دیاہے ،جس میں 19پولیس سٹیشن،2 بیسڈ سٹیشن، سکول، روڈز او رہسپتال شامل ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ والدین سوچ لیں کہ بچوں کو تھانے میں رکھناہے یا ان کا لائسنس بنوانا ہے ۔ والدین اپنے بچوں کا لائسنس ضرور بنوائیں، کوئی نرمی نہیں کی جائے گی۔لاہورمیں 70لاکھ گاڑیاں و موٹر سائیکلیں ہیں اور صرف 10لاکھ لا ئسنس۔طلبہ کے لئے میٹروبس اور اورنج لائن میٹرو ٹرین پر سفر مفت کردیا ہے ۔

وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے تھانہ علامہ اقبال ٹاؤن کا اچانک دورہ کیا۔تھانے میں موجود سائلین نے ایف آئی آر کے اندراج میں تاخیر کے حوالے سے شکایات کیں۔سائلین کی شکایات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او کو معطل کرنے کا حکم دیا اور ڈی ایس پی کو وارننگ جاری کی گئی ۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے فرنٹ ڈیسک پر شہریو ں کی درخواستوں پر کارروائی کاجائزہ لیا اور حوالات میں بند ملزم ان کے کیسز کے بارے میں پوچھا۔وزیراعلیٰ نے بغیر لائسنس حوالات میں بند نوجوانوں کو قانونی کارروائی پوری کرنے کے بعد رہا کرنے کاحکم دیا۔تھانے میں موجود خواتین اور مردوں نے بار بار چکر لگانے کے باوجود ایف آئی آر کا اندراج نہ کرنے کے بارے میں شکایات کیں، جس پروزیراعلیٰ محسن نقوی نے ایس پی اقبال ٹاؤن کو فوری طور پر طلب کرلیا۔وزیراعلیٰ پنجاب سے وزیراعلیٰ آفس میں اقوام متحدہ ہائی کمیشن برائے مہاجرین کی نمائندہ فلپا کونڈلر نے ملاقات کی۔ملاقات میں غیر قانونی طورپر مقیم غیر ملکیوں کے انخلا سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔غیر قانونی طورپر مقیم غیر ملکیوں کے انخلا کے حوالے سے سپورٹ،کوآرڈینیشن اورتعاون پر بھی گفتگوکی۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ غیر قانونی طورپر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف واضح پالیسی اپنائی ہے ۔پنجاب حکومت اس ضمن میں وفاق کی گائیڈلائنز پر عملدرآمد کررہی ہے ۔اب تک پنجاب سے تقریباً15ہزارسے زائد غیر قانونی طورپر مقیم غیر ملکیوں کو واپس بھجوایا جاچکا ہے ۔تمام عمل کو شفاف بنایا گیا ہے اورپوری کوشش ہے کہ کوئی بھی غیر قانونی طورپرمقیم غیر ملکی صوبے میں نہ رہے ۔اقوام متحدہ ہائی کمیشن برائے مہاجرین سے ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے ۔نمائندہ اقوام متحدہ ہائی کمیشن برائے مہاجرین نے کہا کہ حکومت کا غیرقانونی طورپر مقیم غیر ملکیوں کے انخلا اوراس عمل کو ریگولیٹ کر کے دستاویزی شکل دینا اچھا اقدام ہے ۔وزیر اعلیٰ پنجاب سے وزیراعلیٰ آفس میں میٹ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے 21رکنی وفدنے ملاقات کی۔ میٹ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے وفد نے لائیوسٹاک پروڈکشن بڑھانے کے لئے تجاویز پیش کیں۔محسن نقوی نے گوشت کی ایکسپورٹ 5گنا بڑھانے کے لئے قابل عمل پلان طلب کرلیا۔لائیوسٹاک پروڈکشن کے لئے ایف ایم ڈی بنانے کے لئے فوری اقدامات کی ہدایت کی۔مویشی منڈی میں بے جا ٹیکسز وصول کرنے والوں کے خلاف کارروائی کاحکم دیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ میٹ ایکسپورٹ بڑھانے کے لئے تمام ممکنہ سہولتیں دیں گے ۔

گوشت کی ایکسپورٹ بڑھانے کے لئے وفاق سے بھی رابطہ کیاجائے گا۔ میٹ پروڈکشن اور ایکسپورٹ بڑھنے سے فارمر خوشحال ہوگا۔میٹ ایکسپورٹر ز ایسوسی ایشن کی قابل عمل تجاویز پر فوری اقدامات کئے جائیں گے ۔ وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایاگیا کہ پاکستان سے 500ملین ڈالرمیٹ ایکسپورٹ کیا جارہاہے جبکہ لاہور سے 300ملین ڈالر میٹ ایکسپورٹ ہورہاہے ۔ میٹ ایکسپورٹ میں بہت پوٹینشل ہے اور ایکسپورٹ کو 5ارب ڈالر تک بڑھایاجاسکتاہے ۔وزیر اعلیٰ سے اٹلی کے سفیر اینڈریاس فیراریز نے ملاقات کی،جس میں ثقافت،سیاحت اورباہمی تجارت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ محسن نقوی نے کہاکہ پاکستان اور اٹلی کے درمیان باہمی تعلقات کو مفید معاشی پارٹنر شپ میں بدلنے کا وقت آ گیا ہے ۔ تجارتی و ثقافتی وفود کے باہمی تبادلوں سے تعلقات کو نئی جہت ملے گی۔ پنجاب میں سرمایہ کاروں کے لئے ون ونڈو آپریشن شروع کررہے ہیں۔ون ونڈو آپریشن کے ذریعے تمام این او سیز ایک چھت تلے میسر ہوں گے ۔ اٹلی کے سرمایہ کار وں کے لئے پنجاب میں انویسٹمنٹ کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ محسن نقوی نے جی ایس پی پلس سٹیٹس کے لئے اٹلی کی سپورٹ پر اطالوی سفیر کا شکریہ اداکیا۔ اطالوی سفیر نے کہا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ مختلف شعبوں میں جاری تعاون کو فروغ دیں گے ۔ان ایبلڈ پرسنز کے حقوق کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں محسن نقوی نے کہا ہے کہ ان ایبلڈافراد ہر معاشرے کے لئے خاص اہمیت کے حامل ہیں۔دین اسلام میں ان ایبلڈ پرسنز کا خیال رکھنے کی تلقین کی گئی ہے ۔جسمانی معذوری کو طاقت میں بدلنے والے اصل ہیرو ہوتے ہیں۔معاشرے کے ہر فرد کو خصوصی لوگوں کیلئے شفقت کا رویہ اختیار کرنا چاہئے ۔ محسن نقوی نے کہا کہ معاشرے میں خصوصی افراد کی دیکھ بھال اور تعلیم و تربیت کے حوالے سے شعور پیدا کرنے کی ضرورت ہے ۔حکومت پنجاب ان ایبلڈ افراد کے مسائل کے حل اور ان کی فلاح و بہبود کے لئے کوشاں ہے ۔ان ایبلڈ پرسنز کی حوصلہ افزائی کرکے انہیں معاشرے کا مفید شہری بنایا جائے گا۔حکومت پنجاب ان ایبلڈ پرسنز کے سنٹرز کو بہت جلد اپ گریڈ کرنے جارہی ہے ۔نگران وزیراعلیٰ محسن رضا نقوی نے رات گئے لبرٹی اور میو ہسپتال میں پولیس خدمت مراکز کا دورہ کیا اور وہاں موجود شہریوں سے بات چیت کی۔ جہاں لوگوں نے لائسنس بنانے کے عمل پر اطمینان کا اظہار کیاتاہم کچھ لوگوں نے ٹیسٹ کے عمل میں تاخیر کی شکایات کیں اور وزیراعلیٰ نے ازالے کیلئے فوری ہدایات دیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں