محسن نقوی کے 3ہسپتالوں،3پارکس اور سی ٹی ڈی ہیڈ کوارٹر کے 7گھنٹے تک دورے

محسن نقوی کے 3ہسپتالوں،3پارکس اور سی ٹی ڈی ہیڈ کوارٹر کے 7گھنٹے تک دورے

لاہور(سیاسی رپورٹر سے )وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے رات گئے سے صبح اور صبح سے شام تک 3ہسپتالوں،3پارکس اور سی ٹی ڈی ہیڈ کوارٹر کے تفصیلی دورے کیے ۔

مسلسل 7گھنٹے تک چلڈرن ہسپتال،پی آئی سی اور جنرل ہسپتال کی اپ گریڈیشن کے کاموں پر پیش رفت، شالا مار باغ کو اصل تاریخی حیثیت سے بحال کرنے کے پروگرام، جلوپارک اور بوٹینیکل گارڈن جلومیں تفریحی سہولتوں کو بہتر بنانے کا جائزہ لیا۔وزیر اعلیٰ نے سی ٹی ڈی ہیڈ کوارٹر کا دورہ کرکے سی ٹی ڈی ٹریننگ سکول کا افتتاح کیا اور سی ٹی ڈی ہیڈ کوارٹر میں اہم اجلاس کی صدارت کی۔وزیراعلیٰ نے چلڈرن ہسپتال کے مین کوریڈورکے فرش پر نئی ٹائلز لگانے کی ہدایت کی اورانفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب سے 24گھنٹے میں نئے کاؤنٹرز کا ڈیزائن طلب کر لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ نئی ٹائلز لگانے اورنئے کاؤنٹرز بنانے کاکام 10روز میں مکمل کیا جائے ۔مختلف فلور ز پر کام کرنے والے مزدوروں سے مصافحہ کیا اوراپ گریڈیشن کا کام جلد مکمل کرنے کیلئے ہدایات دیں۔پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں بھی جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا اور بائیو گیس کے پائپ 24 گھنٹے میں انڈر گراؤنڈ کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ویٹنگ ایریا، وارڈز اور دیگر شعبوں کا معائنہ کیا اورجاری تعمیراتی سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا۔ ویٹنگ ایریا میں دل کے مریضوں کے تیمارداروں کے بیٹھنے کے لئے بہترین انتظام کرنے اور جنریٹر کو مناسب جگہ پر شفٹ کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ایمرجنسی کے ساتھ خالی جگہ پر پلانٹیشن کی جائے ۔محسن نقوی نے جنرل ہسپتال کے ایمرجنسی بلاک کے چاروں فلورز پر اپ گریڈیشن کے کا موں کامشاہدہ کیا اور بائیو گیس اوراے سی کے پائپ کیلئے محفوظ اورمعیاری وائرنگ کی ہدایت کی۔ نئے زیر تعمیر آپریشن تھیٹرز کا بھی معائنہ کیااورآپریشن تھیٹرز کو انفیکشن فری بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے دوسرے ،تیسرے اورچوتھے فلور پر کام میں سست روی کانوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو تعمیراتی سرگرمیاں تیز کرنے کیلئے موقع پر ہی احکامات دیئے ۔محسن نقوی نے شالا مار باغ کا دورہ کیا اورباغ کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔

محسن نقوی نے خصوصی رکشہ میں بیٹھ کر شالا مارباغ کا راؤنڈ کیا اور کہا کہ شالا مار باغ کو اصل تاریخی حالت میں بحال کیا جائے گا۔شالا مار باغ کے اطراف ناجائز تعمیرات کے خاتمے کا حکم دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر لاہور کو ٹاسک دے دیا۔ محسن نقوی نے شالا مار باغ کی بیرونی دیوار کے ساتھ بارش کے دوران جمع ہونے والے پانی کی نکاسی کے پائیدار حل کی ہدایت کی۔ محسن نقوی نے ایم ڈی واسا کو موقع پر ہی طلب کرلیا اورمسئلے کے حل کے لئے احکامات دئیے ۔وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ باغ کے آخری ٹیرس کی دیوار کے ساتھ بھی جمع ہونے والے پانی کا مستقل حل تلاش کیا جائے اور باغ کے پانی کو صاف رکھا جائے ۔انہوں نے کہا کہ شالا مار باغ کوپرانی تاریخی حیثیت میں بحال کریں گے ۔شالا مار باغ میں شہریوں کو بہترین تفریحی و سیاحتی سہولتیں فراہم کریں گے ۔ شالا مار باغ کی عمارت کے تاریخی ورثے کو محفوظ کیا جائے گا۔ محسن نقوی نے جلو پارک اور بوٹینیکل گارڈن جلو کا بھی دورہ کیا۔جلوپارک میں ٹوٹی سڑکیں اور صورتحال خراب تھی جس پر وزیراعلیٰ محسن نقوی نے برہمی کا اظہار کیا اور جلو پارک کو اپ گریڈ کرنے کا پلان طلب کرلیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پارک کاانتظام محکمہ جنگلات سے پی ایچ اے کو دینے کے لئے فوری اقدامات کی ہدایت کی اور کہا کہ جلو پارک کو بہتر بنانے کے لئے جلد اقدامات کئے جائیں۔محسن نقوی نے پی ایچ اے کے زیر انتظام بوٹینیکل گارڈن جلو کا بھی تفصیلی وزٹ کیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی بوٹینیکل گارڈ ن میں تفریحی پل پر گئے اور پورے گارڈن کا جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ نے پل کی سیڑھیوں پر پینٹ او رلکڑی کے پشتوں کو تبدیل کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے تتلی گھر کا بھی معائنہ کیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ بوٹینیکل گارڈن میں مزیدمنفرد درخت او رپھول دارپودے لگائے جائیں۔بعدازاں وزیراعلیٰ نے سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا اور سی ٹی ڈی ٹریننگ سکول کا افتتاح کیا۔سی ٹی ڈی ٹریننگ سکول کے کانفرنس روم، کلاس رومز اور آڈیٹوریم سمیت مختلف شعبوں کامعائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ کی زیر صدارت سی ٹی ڈی ہیڈ کوارٹر میں اہم اجلاس منعقدہوا،جس میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس آپریشنز کے بارے بریفنگ دی گئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں