لاہور میں 494کاغذات نامزدگی مسترد ،201اپیلیں

لاہور میں 494کاغذات نامزدگی مسترد ،201اپیلیں

لاہور(محمد اشفاق سے )لاہور ہائیکورٹ کے الیکشن اپیلیٹ ٹربیونل میں ریٹرننگ افسروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے پر 201 اپیلیں دائر کردی گئیں ان اپیلوں پر ٹربیونلز 10جنوری تک فیصلے سنائیں گے آج اپیلیں دائر کرنے کا آخری روز ہے مجموعی طور پر تحریک انصاف کے قومی اور صوبائی اسمبلی کیلئے 494کاغذات نامزدگی مسترد کیے گئے تھے ۔

 لاہور ہائیکورٹ کی پرنسپل سیٹ پر تین ججز بطور الیکشن اپیلیٹ ٹربیونل انتخا بی عذرداریوں کے خلاف اپیلوں پر سماعت کررہے ہیں لاہور ڈویژن اور ضلع اوکاڑہ کے کیسز کی سماعت جسٹس رسال حسن سید کررہے ہیں، فیصل آباد اور سرگودھا ڈویژنز کے کیسز کی سماعت جسٹس اسجد جاوید گھرال اور گوجرانوالہ اور گجرات ڈویژن کے قومی اور صوبائی اسمبلی کے امیدوراوں کے کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلوں پر جسٹس راحیل کامران شیخ سماعت کررہے ہیں، ریٹرننگ افسروں نے لاہور کے 14قومی اسمبلی کے حلقوں میں کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے دوران 470 میں سے 134کاغذات نامزدگی مسترد کردئیے تھے جبکہ 336 منظور کئے گئے اسی طرح سے صوبائی اسمبلی کیلئے امیدواروں کی جانب سے 1407 کاغذات نامزدگی جمع کروائے گئے تھے جس میں سے 360 مسترد اور 1047 کاغذات نامزدگی منظور کئے گئے یعنی لاہور میں مجموعی طور پر 494کاغذات نامزدگی مسترد کیے گئے تھے اور اب لاہور، فیصل آباد ،گوجرانوالہ، گجرات ڈویژن اور ضلع اوکاڑہ سے 201کاغذات نامزد مسترد کرنے سے متعلق ریٹرننگ افسروں کے فیصلوں کے خلاف لاہور ہائیکورٹ کے اپیلیٹ الیکشن ٹربیونل میں اپیلیں دائر کردی گئی ہیں ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں