مریم نواز نے صرف اعلانات کئے ہم نے کام کیا:مرادشاہ

مریم نواز نے صرف اعلانات کئے ہم نے کام کیا:مرادشاہ

کراچی،لاڑکانہ،سیہون(سٹاف رپورٹر، نمائندگان دنیا)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

جس کے بعد انہوں نے اپنے فرائضِ منصبی کا آغاز کر دیا، وزیراعلیٰ نے چیف سیکرٹری ڈاکٹر فخر عالم اور آئی جی سندھ رفعت مختار سے الگ الگ ملاقات  کی ۔وزیراعلیٰ نے امن امان سے متعلق اہم اجلاس کی صدارت بھی کی۔وزیراعلیٰ نے صوبے کے 708 ٹوٹے ہوئے پولیس اسٹیشنز کی تعمیر کے لیے 2 بلین روپے کی منظوری دے دی۔وزیراعلیٰ نے آئی جی کو حکم دیا کہ اسلحے کی نمائش بالکل بند کروائیں، آج کل ڈالوں میں لوگ اسلحے کی نمائش کرتے ہوئے گارڈز بٹھاتے ہیں۔سکھر اور لاڑکانہ کے کچے کے علاقوں میں ڈاکوؤں کو ہر حال میں ختم کرنا ہے ۔مراد علی شاہ کو اجلاس میں بتایا گیا کہ 14 لوگ ابھی بھی اغوا ہیں جس پر انہوں نے کہا کہ یہ قابل قبول نہیں، مجھے ہر صورت یہ لوگ بازیاب کروا کر دیں۔وزیر اعلیٰ نے شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید بینظیر بھٹو کے مزاروں پر حاضری دی ۔میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام نے کبھی بھی ماضی میں پیپلز پارٹی کو اتنی زیادہ سیٹیں نہیں دلائیں ، ہم اس بار بھی لوگوں کی خدمت کریں گے ، ہم نے کام کر کے دکھایا ہے ،مریم نواز نے صرف اعلانات کیے ہیں۔وزیراعلیٰ نے سیہون میں لعل شہباز قلندر کے مزار پربھی حاضری دی اور قلندر لعل شہباز کے عرس کے انتظامات کا جائزہ لیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں