مقبوضہ کشمیر،لیتھیم ذخائر کی نیلامی غیر قانونی ،بھارت استحصالی منصوبے ترک کرے:دفتر خارجہ

مقبوضہ کشمیر،لیتھیم ذخائر کی نیلامی غیر قانونی ،بھارت استحصالی منصوبے ترک کرے:دفتر خارجہ

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ، اے پی پی ) ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہر ا بلوچ نے کہا کہ پاکستان دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لئے پر عزم ہے ، ہفتہ وار پریس بریفنگ میں ممتاز زہر ابلوچ نے کہا کہ بشام میں دہشتگرادانہ حملے کے بعد حکومت چینی حکام کے ساتھ رابطے میں ہے۔

 اس طرح کے حملے پاکستان کے تمام محاذوں سے دہشت گردی سے نمٹنے کے عزم کو مزید تقویت دیتے ہیں، پاکستان اور چین قریبی دوست اور آہنی بھائی ہیں ہمیں اس میں کوئی شک نہیں کہ بشام حملہ پاکستان چین دوستی کے دشمنوں نے کیا ، ہم مل کر ایسے حملوں کے خلاف بھرپور طریقے سے کارروائی کریں گے اور انہیں شکست دیں گے ،پاکستان چینی شہریوں اور پاکستان میں چینی منصوبوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے چینی بھائیوں کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ ہم اسرائیل کے حمایتیوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فلسطینیوں پر کی جانے والی بربریت روکے اور امدادی ٹیموں کو غزہ کے تمام حصوں میں جانے کی اجازت دے ۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت مبینہ طور پر بھارتی مقبوضہ جموں اور کشمیر میں دریافت ہونے والے لیتھیم کے ذخائر کے کچھ بلاکس کو نیلام کرنے کے لئے تیار ہے ایسے خدشات ہیں کہ کشمیر کے قیمتی ذرائع سے فائدہ اٹھانے کے لیے ٹھیکے کسی باہر کی کارپوریشن کو د ئیے جائیں گے ان پر کشمیریوں کا حق ہے ۔ممتاز زہرا نے کہا کہ یہ اقدامات غیر قانونی اور استحصالی ہیں ،بھارت سے اس طرح کے استحصالی منصوبوں کو ترک کرے ،ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کا خاتمہ ہونا چا ہئے ، کشمیریوں کو حق خود ارادیت ملنے تک انکی حمایت جاری رکھیں گے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں