سکیورٹی ادارے چینی شہریوں کا تحفظ یقینی بنائیں ، وزیر داخلہ

 سکیورٹی ادارے چینی شہریوں کا تحفظ یقینی بنائیں ، وزیر داخلہ

اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پولیس سمیت تمام سکیورٹی ادارے پاکستان میں چینی شہریوں کے تحفظ کیلئے ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں۔

اسلام آباد نیکٹا ہیڈ کوارٹرز میں نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ غیر ملکی شہریوں کے تحفظ کے لیے ایس او پیز پر عملدرآمد میں غفلت برتنے پر سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ہمیں اپنے محکموں کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنا ہوگا۔ وفاق اس سلسلے میں صوبوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔محسن نقوی نے کہا کہ مشترکہ آپریشن کے ذریعے کچے کے علاقے سے شرپسند عناصر کا ہمیشہ کے لئے خاتمہ کیا جائے گا ،کچے کے علاقے میں مشترکہ آپریشنز کے لیے ڈرون سمیت جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی۔وزیر داخلہ نے انسداد سمگلنگ آپریشنز پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام محکموں کو سمگلروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کو یقینی بنانا ہوگا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں