جیکب آباد:صوبائی مشیر کی گاڑی میں پولیس اہلکار کچے کے ڈاکوؤں کو اسلحہ سپلائی کرتے پکڑے گئے

جیکب آباد:صوبائی مشیر کی گاڑی میں پولیس اہلکار کچے کے ڈاکوؤں کو اسلحہ سپلائی کرتے پکڑے گئے

کراچی (سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک) جیکب آباد میں پولیس اور حساس اداروں کی کامیاب کارروائی،سرکاری پروٹوکول میں اسلحے کی سمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی، صوبائی مشیر کے رشتہ دار اور پولیس اہلکاروں سمیت 7 افراد گرفتار کر لیے گئے۔

 بھاری اسلحہ کی کھیپ برآمد۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد پولیس اور حساس اداروں نے خفیہ اطلاع پر شمبے شاہ پولیس پوسٹ پر بلوچستان سے سندھ میں داخل ہونے والی ایک ڈبل کیبن گاڑی کو روکا، جس کی تلاشی کے دوران اسلحے کی بھاری کھیپ اور گولیاں برآمد ہوئیں۔ ترجمان جیکب آباد پولیس کے مطابق  خفیہ اطلاع پر کی گئی کارروائی کے دوران لگژری گاڑی سے چار ملزموں ذاکر ولد شہاب بھیو ،اختیار علی لاشاری، نبیل احمد بھیو اور توفیق احمد گجر کو گرفتار کیا گیا، گاڑی سے ایک عدد جی تھری، ایک ایس ایم جی ،17 میگزین اور 2350 گولیاں برآمد ہوئیں، جبکہ لگژری گاڑی کے ساتھ ایک پولیس موبائل بھی موجود تھی جو ضلع شکارپور کی ہے ، جس میں ایک اے ایس آئی امتیاز علی بھیو سمیت 2 پولیس اہلکار ثنا اللہ مگنہار اور بقا اللہ انڑ موجود تھے ،انہیں بھی شک کی بنیاد پر گرفتار کر لیا گیا۔ترجمان جیکب آباد پولیس کے مطابق اس تمام اسلحے کو بدنام زمانہ بین الصوبائی اسلحہ کا ڈیلر اختیار لاشاری بلوچستان سے شکارپور سمگل کررہا تھا، جس کے خلاف گڑھی یاسین اور شکار پور میں متعدد مقدمات درج ہیں۔گرفتار ملزموں سے مزید تفتیش جاری ہے ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سمگلنگ کے دوران پکڑی جانے والی پولیس موبائل شکارپور سے تعلق رکھنے والے رکن سندھ اسمبلی بابل خان بھیو کی سکیورٹی پر تعینات تھی اور مبینہ طور پر بابل خان بھیو کا رشتہ دار ہی اسے اپنے ہمراہ لے کر آیا تھا۔ایس ایس پی جیکب آباد سید سلیم شاہ کے مطابق واقعہ کا مقدمہ درج کیا جا رہا ہے اور سمگلنگ و سہولت کاری میں ملوث دیگر عناصر کا بھی سراغ لگایا جا رہا ہے ۔ڈی ایس پی سٹی اور ڈی ایس پی صدر کی سربراہی میں جے آئی ٹی تشکیل دے دی گئی ہے ۔ ادھر آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے جیک آباد میں کارروائی کے دوران صوبائی مشیر بابل بھیو کی ڈبل کیبن گاڑی اور پروٹوکول کی پولیس موبائل کی مدد سے اسلحہ کی سمگلنگ کے حوالے سے کہا ہے کہ واقعہ میں ملوث اہلکاروں اور ملزموں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور اس معاملے کی مکمل انکوائری کے بعد دیگر ملوث عناصر کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے برآمد ہونے والا اسلحہ اور گولیاں کچے کے ڈاکوؤں کو پہنچائی جانی تھیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں