بلوچستان کے علاقے نانی مندر میں ’’فارسی تیندوا‘‘دیکھا گیا

بلوچستان کے علاقے نانی مندر میں ’’فارسی تیندوا‘‘دیکھا گیا

کراچی (سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) بلوچستان کے علاقے نانی مندر میں ‘فارسی تیندوا ’دیکھا گیا۔نانی مندر ہندو یاتریوں کے لیے ایک اہم مقام ہے ۔ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کے تکنیکی مشیر معظم خان کے مطابق فارسی تیندوا کئی دہائیوں کے بعد بلوچستان میں دیکھا گیا ، یہ خطرے سے دوچار جانور ہے ۔

 ان کاکہنا تھا کہ فارسی تیندوا ہنگول نیشنل پارک کا رہائشی ہے اور یہ جانور اس علاقے میں شاذ و نادر ہی نظر آتا ہے ۔ فارسی تیندوا جسے سائنسی طور پر Panthera Pardus Tulliana کے نام سے جانا جاتا ہے بلوچستان کے بڑے حصے بالخصوص ساحلی علاقوں میں پایا جاتا تھا۔ شکار اور خوراک میں بڑی کمی کی وجہ سے پہاڑی جنگلی بکری،  آریال بھیڑ ،چنکارا اور تیندوے کی آبادی کم ہو رہی ہے ۔فارسی تیندوا مقامی طور پر ‘پولنگ’کے نام سے جانا جاتا ہے ۔بلوچستان کے ساحل کے ساتھ اگور کے شمال میں ہنگول نیشنل پارک میں واقع مندر کا دورہ کرنے والے ایک یاتری نے تیندوے کو نانی مندر کے سامنے والی چٹان پر فلمایا۔اس کی تصدیق حکومت بلوچستان کے چیف کنزرویٹر وائلڈ لائف شریف الدین بلوچ نے بھی کی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں