آٹا سستا ہونا مریم نوازکی بہترین حکمت عملی :عظمیٰ بخاری

آٹا سستا ہونا مریم نوازکی بہترین حکمت عملی :عظمیٰ بخاری

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک ،نیوزایجنسیاں)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ الحمدللہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ دو ماہ کے دوران آٹے کا 20کلو کا تھیلا 800روپے سستا ہوا،یہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی بہتر حکمت عملی اور وژن کا ثبوت ہے ، یہ کوئی عجوبہ نہیں بلکہ متحرک اور فعال وزیراعلیٰ کی گڈ گورننس کا عملی مظاہرہ ہے ۔

 انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ عام آدمی کی ضرورت روٹی ہے اسکو پورا کرنا مریم نواز کی پہلی ترجیح ہے ، مریم نواز کمزور طبقات کی محرومیاں ختم کرنے آئی ہیں، مخالفین مریم نواز پر کیچڑ اچھالنے کے بجائے ان سے کارکردگی میں  مقابلہ کریں، غریب کا پیٹ تقریروں اور بھڑکیں مارنے سے نہیں روٹی سے بھرتا ہے ، ہماری وزیراعلی ٰکو غریب کی روٹی،آٹے اور سبزیوں کی فکر ہے ۔ بعدازاں ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے اپنے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے یہ نہیں کہا کہ مریم نواز برانڈڈ کپڑے نہیں پہنتیں لیکن وہ اب سادہ کپڑوں کو ترجیح دیتی ہیں،وہ اپنے لائف سٹائل میں بڑی تبدیلی لائی ہیں ،ویسے مریم نواز کیا پہن رہی ہیں اس کیلئے ان کو کسی کی اجازت کی ضرورت نہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں