سونیا شمروز پختونخوا میں پہلی خاتون اے آئی جی تعینات

سونیا شمروز پختونخوا میں پہلی  خاتون اے آئی جی تعینات

پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک )انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف ویمن پولیس ایوارڈ جیتنے والی واحد مسلمان خاتون سونیا شمروز کو خیبرپختونخوا کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اسسٹنٹ انسپکٹر جنرل آف پولیس (اے آئی جی) اسٹیبلشمنٹ تعینات کردیا گیا۔

ضلع ابیٹ آباد سے تعلق رکھنے والی سونیا شمروز ڈی پی او چترال اور ڈی پی او بٹگرام کے عہدوں پر کام کرچکی ہیں۔ ٹی وی سے گفتگو میں سونیا شمروز کا کہناتھا کہ اب بہت اچھی ذمہ داریاں ملی ہیں، صوبے میں خواتین آفیسرز کو مرد آفیسرز کے مقابلے میں برابر کے حقوق دیئے جا رہے ہیں، کبھی کسی عہدے کیلئے سفارش نہیں کرائی۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں کام کرنے کے لحاظ سے اچھا ماحول ہے ، اپنی خدمات پر بین الاقوامی اور قومی سطح پر ایوارڈز حاصل کیے ، ایوارڈز جبری شادیوں اور خواتین پر تشدد کی روک تھام کے حوالے سے ہیں۔اس حوالے سے انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا اخترحیات خان کا کہناتھاکہ صوبے میں خاتون پولیس آفیسرز و اہلکاروں کو خصوصی ترجیح دی جارہی ہے ، گزشتہ ایک سال کے دوران خیبرپختونخوا میں خواتین آفیسرز کی تعیناتی کے رجحان میں اضافہ ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ پولیس میں خواتین پولیس آفیسرز و اہلکاروں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جارہی ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں