شیر افضل کی جگہ حامد رضا چیئرمین پی اے سی نامزد

 شیر افضل کی جگہ حامد رضا چیئرمین پی اے سی نامزد

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر، دنیا نیوز ، نیوز ایجنسیاں )بانی پی ٹی آئی نے چیئرمین پی اے سی کیلئے شیر افضل مروت کی جگہ حامدرضاکونامزد کر دیا ۔نجی ٹی وی کے مطابق اس سے قبل بانی پی ٹی آئی نے شیر افضل مروت کو چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کیلئے نامزد کیا تھا ۔

بانی پی ٹی آئی نے پارٹی کے قریبی رہنماؤں کی مشاورت کے بعد چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا کو نامزد کیا۔ واضح رہے بانی پی ٹی آئی نے حامد رضا کی چیئرمین پبلک اکا ئونٹس کمیٹی کی نامزدگی کیلئے عمر ایوب کو ہدایت جاری کردی۔ علاوہ ازیں سپیکر سے اپوزیشن اراکین زین قریشی، شیر افضل مروت اور حامد رضا نے ملاقات کی جس میں پارلیمانی کمیٹیوں کی تشکیل سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اپوزیشن نے چیئرمین پی اے سی کیلئے حامد رضا کا نام سپیکر کو پیش کیا ،اس موقع پر سپیکر نے کہا کہ چیئرمین پی اے سی کا انتخاب قواعد کے مطابق ہو گا، سپیکر کا چیئرمین پی اے سی کی نامزدگی میں کوئی اختیار نہیں، یہ فیصلہ اپوزیشن نے کرنا ہے ۔سپیکر نے کہا کہ اپوزیشن جسے مرضی چاہے چیئرمین نامزد کرے ،میں پارلیمانی کمیٹیوں کا معاملہ افہام و تفہیم سے حل کرنا چاہتا ہوں۔دوسری طرف وزیر دفاع خواجہ آصف سے پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت کی ملاقات ہوئی ہے ۔ٹی وی کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف سے ملاقات کے حوالے سے پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت کا کہنا ہے ملاقات معمول کا حصہ ہے ، خواجہ آصف ایوان میں ہیں ہم سب سے ملتے رہتے ہیں۔شیر افضل مروت سے سوال کیا گیا کیا بانی پی ٹی آئی نے حامد رضا کو چیئرمین پی اے سی کے لیے نامزد کردیا ہے ؟۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا نہیں ایسی کوئی بات نہیں ہے ۔دوسری جانب خواجہ آصف کا کہنا تھا اپوزیشن سے ایک میٹنگ ہوگئی ہے آج دوسری میٹنگ ہوگی۔انہوں نے کہا کہ کمیٹیوں کے معاملات چل رہے ہیں انشا اللہ پیر یا منگل تک حل کرلیں گے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں